Live Updates

جنوبی پنجاب کے 46 میں سے 35 سے زائد ممبران اسمبلی جلد ہمارے ساتھ اتحاد کرلیں گے،حکمران جماعت کے مستعفی اراکین کا دعوی

ْ 24 اپریل کو سپیکر کے پاس جاکر بتا دیں گے کہ ن لیگ چھوڑ چکے اور ہمارے حقیقی استعفے ہیں آئندہ مرکز اور پنجاب میں جنوبی پنجاب کے ایم این ایز کے بغیر کوئی جماعت حکومت نہیں بنا سکے گی۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے 5 سال تک ہمارے ساتھ دھوکہ کیا ،یہ جنوبی پنجاب کے عوام سے نفرت کرتے ہیں، طاہر بشیر چیمہ ‘ مخدوم باسط بخاری‘ رانا محمد قاسم نون اور امیر خسرو بختیار کی گفتگو

جمعہ 20 اپریل 2018 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) حکمران جماعت مسلم لیگ ( ن )کے مستعفی ہونیوالے ممبران اسمبلی طاہر بشیر چیمہ ‘ مخدوم باسط بخاری‘ رانا محمد قاسم نون اور امیر خسرو بختیار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے 46 میں سے 35 سے زائد ممبران اسمبلی جلد ہمارے ساتھ اتحاد کرلیں گے۔ 24 اپریل کو سپیکر کے پاس جاکر بتا دیں گے کہ ن لیگ چھوڑ چکے ہیں اور ہمارے حقیقی استعفے ہیں، آئندہ مرکز اور پنجاب میں جنوبی پنجاب کے ایم این ایز کے بغیر کوئی جماعت حکومت نہیں بنا سکے گی۔

نواز شریف اور شہباز شریف نے 5 سال تک ہمارے ساتھ دھوکہ کیا ،یہ جنوبی پنجاب کے عوام سے نفرت کرتے ہیں۔ آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں بھائیوں اور ان کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ ہم ایجنسیوں کی پیداوار ہیں یہ اس صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور شہباز شریف کو درجنوں مرتبہ کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اعلان کردیں ، دو تہائی اکثریت سے حکومت بنالیں گے۔

یہ جنوبی پنجاب کو اپنے آبائو اجداد کی وراثت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ن لیگ سے علیحدگی اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفے حقیقی ہیں ، عوام کو ان کا جائز حق دلوانے کیلئے ہم استعفے دے رہے ہیں۔ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی ‘ پی پی پی سمیت کئی جماعتوں نے ہمیں جنوبی پنجاب کا صوبہ بنانے کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ ہم آئندہ الیکشن کے بعد جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے پارلیمنٹ میں ترمیمی بل لے کر آئیں گے۔

تمام جماعتوں کی ہمیں حمایت حاصل ہوگی۔ 2 تہائی اکثریت سے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہوگا۔ جنوبی پنجاب کے عوام اس سیاسی جماعت کے ساتھ چلیں گے جو الگ صوبے کی حمایت کرے گی۔ شہباز شریف اور نواز شریف نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کا یہ کہنا ہے کہ ہم ایجنسیوں کی پیداوار ہیں قومی سلامتی سے متعلق اداروں کی تذلیل کے مترادف ہے۔ ہم مضبوط و مستحکم پاکستان کے حامی ہیں۔ فیڈریشن کے استحکام کیلئے جنوبی پنجاب کے عوام نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ جنوبی پنجاب کے 99 فیصد عوام ہمارے نعرے کو عملی جامعہ پہنانے کے لئے ہمارے ساتھ رہیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات