غیر قانونی اور بے ہنگم تعمیرات شہر کی بدصورتی اور عوامی مسائل کا باعث بنتی ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

جمعہ 20 اپریل 2018 23:02

غیر قانونی اور بے ہنگم تعمیرات شہر کی بدصورتی اور عوامی مسائل کا باعث ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشاور میں زمین کا استعمال اور عمارتوں کی تعمیرقانون کے مطابق یقینی بنانے اور تجاوزات کی مستقل روک تھام کیلئے فول پروف سسٹم وضع کرنے اور اس سلسلے میں مستقبل کے چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے دیرپا منصوبہ بندی کی ہدایت کی ہے انہوں نے نقشوں کی منظوری کیلئے ٹائم لائن متعین کرنے اور اسے خدمات تک رسائی کے قانون میں ڈالنے کی بھی ہدایت کی تاکہ نقشوں کی منظوری میں بلا وجہ تاخیر کی حوصلہ شکنی ہو اور عوامی سطح پر نقشہ سازی کے عمل کی حوصلہ افزائی ہوسکے کیونکہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے غیر قانونی اور بے ہنگم تعمیرات شہر کی بدصورتی اور عوامی مسائل کا باعث بنتی ہیں وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پہلے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سینئر صوبائی وزیر برائے بلدیات عنایت اللہ خان ، رکن صوبائی اسمبلی محمود جان، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے، کمشنر پشاور اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی اجلاس میں اتھارٹی کے تحت تجویز کردہ چار مختلف کمیٹیوں کی منظوری دی گئی جن میں فنانس کمیٹی، لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول کمیٹی، ہیومین ریسورس کمیٹی اور پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ کمیٹی شامل ہیں وزیراعلیٰ نے لینڈ یوز اور بلڈنگ کنٹرول کے معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ خلاف قانون عمارات کی تعمیر اور زمین کے استعمال کو کنٹرول کرنا ازبس ضروری ہے جس کیلئے فول پروف سسٹم ہونا چاہئے انہوں نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیز رفتاری سے پارکنگ کا مناسب بندوبست کرنے خصوصاً یونیورسٹی روڈ کے اطراف میں پارکنگ پلان کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے اور اتھارٹی کے مجوزہ اختیارات کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

نظرثانی شدہ بجٹ2017-18 اور پی ڈی اے کے ملازمین کی مستقلی کی بھی منظوری دی گئی اس موقع پر سینئرموسٹ ڈائریکٹرکی بطور چیف انجینئرترقی کی بھی اصولی منظوری دی گئی تاہم اسے محکمہ اسٹبلشمنٹ کی کلیئرنس سے مشروط کیا گیا۔