حوثی باغیوں کے قدم اکھڑنے سے ان کا خاتمہ نوشتہ دیوار ہے، یمنی وزیر اعظم

باغی ملیشیا کی صفوں میں شامل فریب خوردہ عناصر پر زور دیتا ہوں وہ سیدھی راہ پر واپس آ جائیں،گفتگو

ہفتہ 21 اپریل 2018 11:30

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) یمنی وزیر اعظم احمد بن دغر نے کہا ہے کہ باغی حوثی ملیشیا کے قدم اکھڑ چکے ہیں اور ان کا حتمی خاتمہ نوشتہ دیوار ہے۔ باغی ملیشیا کی صفوں میں شامل فریب خوردہ عناصر پر زور دیتا ہوں کہ وہ سیدھی راہ پر واپس آ جائیں اور یمنی فیڈریشن میں شامل سول حکومت کی مدد کریں۔یمنی عوام حوثیوں کے اس نظریہ کو قطعی طور پر قبول نہیں کریں گے جس کے تحت وہ یمن میں حکمرانی کو آفاقی حق سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق البیضاء کے گورنر صالح الرصاص سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے البیضاء گورنری کے مختلف محاذوں کو باغی ملیشیا کے چنگل سے آزاد کرانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔اتحادی فوج کی حمایت سے اس وقت یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کار البیضاء کو کئی اطراف سے مکمل طور پر آزاد کرانے کے لئے ایک لڑائی لڑ رہے ہیں جس میں انہیں باغی ملیشیا کا تسلط ختم کرانے میں مسلسل پیش قدمی حاصل ہو رہی ہے۔یمن کی آٹھ گورنریوں میں البیضاء کو اسٹرٹیجک اہمیت حاصل ہے۔ اس میں فتح سے ذمار کی سمت ایک نیا محاذ کھولنے میں مدد ملے گی جو آگے چل کر دارلحکومت صنعاء کا محاصرہ کر کے آزاد کرانے اور بغاوت کے خاتمے میں مدد کرے گا۔

متعلقہ عنوان :