شیخ زیدمیڈیکل کالج کے پروفیسرڈاکٹر سید محمداعجاز علی کی کتاب بیسک آف فرینزک میڈیسن کی تقریب رونمائی

ہفتہ 21 اپریل 2018 22:55

رحیم یارخان۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) شیخ زیدمیڈیکل کالج کے پروفیسرڈاکٹر سید محمداعجاز علی کی کتاب بیسک آف فرینزک میڈیسن کی تقریب رونمائی میڈکل کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی سابق پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر اجلال حیدر زیدی تھے۔تقریب میں پرنسپل شیخ زیدمیڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر مبارک علی چوہدری، ساہیوال کالج سے پروفیسرڈاکٹر الطاف قاسم، فیصل آباد سے پروفیسر ڈاکٹراحمد سعید، ملتان سے سابق پرنسپل ڈیرہ غازی خان میڈیکل کالج پروفیسر نیازاحمد بلوچ نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے ہوا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر سید محمد اعجازعلی نے کہا کہ2005ء سے میں نے بیسک آف فرینزک میڈیسن کی کتاب لکھنی شروع کی جومیرے تجربات کا نچوڑ ہے، 2017ء میں یہ کتاب مکمل ہوئی یوں بارہ سال کے عرصہ میں یہ کتاب مکمل ہوئی ہے اور آج مجھے خوشی ہورہی ہے کہ میری اس کتاب کی رونمائی میں میرے وہ استاد بھی بیٹھے ہیں جن سے میں فرینزک پڑھنا سیکھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میری اس کتاب کی تکمیل میں پروفیسر معظم علی عاطف کا بڑا ہاتھ ہے جنہوں نے میری ڈھارس بندھائی اور لمحہ بہ لمحہ میرے ساتھ رابطے میں رہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے اس کتاب کے لکھنے کا شوق تب پیدا ہواجب میرے استاد نے یہ جملہ مجھے کہاکہ ایلیٹ کلاس میں جانے کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ کتاب میڈیکل فرینزک کے طلباء وطالبات کے لیے بہت مفید ثابت ہوگی۔

مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سید اجلال حیدررضوی نے کہاکہ سب سے اچھا ٹیچر وہ ہوتا ہے جس کے سٹوڈنٹ قابلیت میں استاد سے بھی آگے نکل جائیں اوریہ پروفیسر ڈاکٹر سید محمداعجاز علی نے کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک اچھے سٹوڈنٹ ہی نہیں ایک بہت اچھے استاد بھی ہیں۔انکی یہ قابلیت ان کی اس کتاب میں سامنے آگئی ہے۔ پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر مبارک علی چوہدری نے کہاکہ اللہ تعالی اچھے انسان کو دنیا میں بھی اس کا ریوارڈ دیتا ہے اور یہ بات پروفیسر ڈاکٹر سید محمد اعجازعلی کی اس کتاب کی شکل میں سامنے آگئی ہے ۔