بجلی کا بحران حل نہ کیا گیا تو سول نافرمانی کی تحریک چلائینگی: ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی اور حیدرآباد میں بجلی نہ ہونے سے صنعتیں بند ہورہی ہیں اور بیروزگاری میں اضافہ ہورہا ہے

اتوار 22 اپریل 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں بجلی کے مصنوعی بحران پر وفاقی اور صوبائی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاجروں سے ہر سطح پر ظلم و زیادتی کا سلسلہ جاری ہے ۔ کراچی اور حیدرآباد کے شہری سب سے زیادہ بجلی کا بل ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود حیسکو اور کے الیکٹرک کی انتظامیہ بجلی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے یہاں آباد شہریوں کو عذاب میں مبتلا کئے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہاکہ سندھ کے وہ دیہی علاقے جہاں 100فیصد بجلی چوری کی جاتی ہے اور خود واپڈا کے ریکارڈ کے مطابق وہاں سے ریکوری نہ ہونے کے برابر ہے لیکن ان علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم ہے جبکہ شہری علاقوں میں جہاں بجلی کی لوڈشیڈنگ کئی گنا زیادہ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت مہاجروں کو مسلسل انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی کے حکمرانوں نے ماضی سے سبق سیکھنے کے بجائے اپنی انتقامی کارروائیوں میں مزید شدت پیدا کردی ہے۔

اگر وفاقی اور صوبائی حکومت نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو سندھ کے شہری علاقوں میں سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جائیگی۔ کیونکہ یہ ممکن نہیں کہ بجلی کے بل کی ادائیگی کے باوجود شہری علاقوں کے مہاجر بجلی کے حصول کیلئے بھکاریوں کی طرح دھکے کھاتے رہیں۔