سی پیک اقتصادی زونز میں ملکی و بیرونی سرمایہ کاروں کو یکساں مراعات کی فراہمی خوش آئند ہے،شفیق اے نقی

پیر 23 اپریل 2018 15:02

سی پیک اقتصادی زونز میں ملکی و بیرونی سرمایہ کاروں کو یکساں مراعات ..
لاہور۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شفیق اے نقی نے سی پیک اقتصادی زونز میں ملکی و بیرونی انویسٹرز کو یکساں مراعات کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں صنعتیں قائم کرنے والے پاکستانی، چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں مراعات حاصل ہونے سے ملکی صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ملکی صنعتکاروں کی ان اقتصادی زونز میں صنعتوں کے قیام سے حوصلہ افزائی ہوگی ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی ، حافظ ایم عمران حمید وائس چیئرمین کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ان خصوصی اقتصادی زونز میں صنعتیں قائم کرنے والے پاکستانی، چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ڈیوٹیوں ،ٹیکسوں سے استثنیٰ اور رعایتی قرضوں سمیت خصوصی مراعات سے ملکی سرمایہ کار بھی استفادہ حاصل کرینگے جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے سے تجارتی خسارہ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی،شفیق اے نقی نے کہا کہ سی پیک کے تحت ملک بھر میں قائم خصوصی اقتصادی زونز میں پاکستان کی مقامی صنعت کو فوقیت دیتے ہوئے رعایتی پیکیج کے تحت اقتصادی زونز میں تنصیب کے لیے پاکستان درآمد کی جانے والی مشینری اور پلانٹس پر کسٹم ڈیوٹیاں اور ٹیکسوںسے ایک مرتبہ چھوٹ حاصل ہوگی،انہوں نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگااور حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن مکمل ہوگا۔