ایس ای سی پی نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل لینڈنگ لائسنس جاری کردیا

جمعرات 28 اگست 2025 23:44

ایس ای سی پی نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل لینڈنگ لائسنس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) ایس ای سی پی نے فورموسٹ فنانشل سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کو نان بینکنگ فنانس کمپنی (NBFC) کے طور پر کام کرنے کے لیے انویسٹمنٹ فنانس سروسز لائسنس جاری کیا ہے۔اسی دوران، انسٹنٹ فنانس پرائیویٹ لمیٹڈ کو این بی ایف سی کے طور پر رجسٹریشن کی پیشگی اجازت دی گئی۔ اس اجازت اور لائسنس کا بروقت اجرا ایس ای سی پی کی موثر ریگولیشن اور نئے اداروں کے لیے سہولت فراہم کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

فورموسٹ فنانشل سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ پاکستان میں ڈیجیٹل نینو قرض فراہم کرے گی، جبکہ انسٹنٹ فنانس (پرائیویٹ)لمیٹڈ چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کے لیے ڈیجیٹل قرض دے گی۔ ان کمپنیوں کے مالکان کا انڈونیشیا، میکسیکو اور نائجیریا جیسے ممالک میں کاروبار ہے۔

(جاری ہے)

یہ اقدامات سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور پاکستان کے مالیاتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مثبت رجحان کو ظاہر کرتے ہیں۔

یہ ایس ای سی پی کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ ہیں، جس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے معتبر غیر ملکی اداروں کو سہولت دینا اور این بی ایف سی سیکٹر کو مضبوط اور متنوع بنانا ہے، تاکہ منظم اور جدت پر مبنی کمپنیوں کو اس شعبے میں شامل کیا جا سکے۔کمیشن مالی شمولیت کو فروغ دینے، ڈیجیٹل تبدیلی کو ممکن بنانے اور ایک معاون ریگولیٹری ماحول قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے این بی ایف سیز، کیپیٹل مارکیٹ اداروں، انشورنس کمپنیوں اور سیکشن 42 کمپنیوں کے لائسنس تیزی سے جاری کیے جاتے ہیں، تاکہ ریگولیٹڈ فنانشل سروسز کے شعبے میں پائیدار سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔