عام انتخابات سے قبل بھرتیوں اور ترقیاتی کاموں پر پابندی کیخلاف پنجاب حکو مت کی درخواست پر کارروائی ملتوی

پیر 23 اپریل 2018 22:44

لاہور۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) لاہور ہائی کورٹ نے چیف جسٹس پاکستان کے از خود نوٹس لینے پر عام انتخابات سے قبل بھرتیوں اور ترقیاتی کاموں پر پابندی کے خلاف حکومت پنجاب کی درخواست پر کارروائی ملتوی کردی۔ جسٹس امین الدین کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سوموار کو کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیت جنرل پنجاب شان گل نے نشاندہی کی کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے اس معاملہ پر از خود نوٹس لے لیا ہے، لہذا سماعت ملتوی کر دی جائے۔

اس سے قبل درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ عام الیکشن سے قبل بھرتیاں ترقیاتی منصوبوں کو شروع کرنا حکومت کاحق ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے ترقیاتی منصوبوں اور بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ درخواستگزار نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے حکومت کو دشواری کا سامنا ہے، عدالت الیکشن کمیشن کے پابندی کے نوٹیفیکیشن پر عمل درآمد معطل کرے، عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 27اپریل تک ملتوی کردی ۔