عوام منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کر دیں گے، شہباز شریف

پیر 23 اپریل 2018 23:11

عوام منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کر دیں گے، شہباز ..
سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر ووزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ خدمت کرنے والوں کو آنکھوں پر بیٹھایا ہے ۔ نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں ۔ عوام منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کر دیں گے ۔ پنجاب کی ترقی سب کے سامنے ہے ۔

ترقی اور میگا پراجیکٹس پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پہچان بن چکے ہیں ۔ معیار اور شفافیت کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ(ن) کا انداز ہے ۔ ترقیاتی اور توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ایک مثال قائم کی گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات و سینئر رہنما مسلم لیگ(ن) چودھری خوش اختر سبحانی کی قیادت میں وریو برادران کے وفد سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

وفدمیں رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی اور رکن صوبائی اسمبلی چودھری طارق سبحانی نے شامل تھے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس موقعہ پر وریو برادران کی مسلم لیگ(ن) سے محبت کا ذکر بھی کیا اور وریو برادران کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔ چودھری خوش اختر سبحانی ، رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی اور رکن صوبائی اسمبلی چودھری طارق سبحانی نے شہباز شریف کو پنجاب میں تاریخی ترقیاتی کام کروانے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات میں پنجاب سمیت تمام صوبوں سے کامیاب ہو گی ۔