پاکستان کی 27 جامعات اور تحقیقی اداروں کو ورلڈ انٹیلکچوئل پراپرٹی کمیونٹی سے لنک کر دیا گیا ہے،وزیر تجارت محمد پرویز ملک

منگل 24 اپریل 2018 17:32

پاکستان کی 27 جامعات اور تحقیقی اداروں کو ورلڈ انٹیلکچوئل پراپرٹی کمیونٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) وزیر تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی 27 جامعات اور تحقیقی اداروں کو ٹیکنالوجی انوویشن سپورٹ سنٹر (ٹی آئی ایس سی) کے تحت ورلڈ انٹیلکچوئل پراپرٹی کمیونٹی سے لنک کر دیا گیا ہے، ٹی آئی ایس سی کا اجراء اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کی مدد سے ہوا ہے اور یہ ورلڈ انٹیلکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (ڈبلیو آئی پی او) کی اس کاوش کا حصہ ہے جس کے تحت طالب علموں، کاروباری شخصیات خاص طور پر خواتین اور دیگر اداروں کی رجسٹریشن کو یقینی بنانا ہے، پاکستان غیر ملکی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کرنے کی محفوظ جگہ ہے، آمدہ بجٹ میں پیداواری اور خدمات کے شعبہ کو ترجیح دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ انٹیلکچوئل پراپرٹی ڈے کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد انٹیلکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) پاکستان نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے جدت اور تخلیق کے تحت آگے بڑھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی او پاکستانی طالب علموں اور کاروباری شخصیات کو مصنوعات اور خدمات کیلئے ایک ایسا پلیٹ بھی فراہم کرتا ہے جہاں وہ اپنے آئیڈیاز کو عملی شکل دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدت اور اختراع نہ صرف معاشی ترقی کا باعث ہے بلکہ یہ کسی معاشرہ کی ترقی کا بھی ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے صنفی امتیاز کے بغیر مساوی مواقع کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے، سائنس و ٹیکنالوجی، فن، میڈیسن، خدمات، بین الاقوامی تجارت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کیلئے معاشرے کے تمام افراد کو یکساں مواقع میسر ہونا ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کرنے کی محفوظ جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں پائیریسی کے خاتمہ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شراکت داروں کی مدد سے جامع ٹیرف پالیسی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آمدہ بجٹ میں پیداواری اور خدمات کے شعبہ کو ترجیح دی جائے گی۔ سیمینار سے تعلیمی ماہرین، آئی ٹی کے شعبہ سے وابستہ شخصیات، آئی پی او پاکستان کے نمائندوں سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :