پاکستانی حجاج ویلفیئر ایسوسی ایشن کا حکومت سے نیو انرولڈ کمپنیوں کو سالانہ سبسڈی دینے کا مطالبہ

منگل 24 اپریل 2018 18:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) پاکستانی حجاج ویلفیئر ایسوسی ایشن نے حکومت اور وزارت مذہبی امور سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام نیو انرولڈ کمپنیوں کو حکومت سالانہ سبسڈی دے جس میں سالانہ آفس کا کرایہ، ملازمین کی تنخواہیں، بجلی اور ٹیلی فون کے بل شامل ہوں، کوٹہ کی الاٹمنٹ تک تمام کمپنیوں کو ٹیکس فری کیا جائے، تمام نیو انرولڈ کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کو سالانہ حج پر بھیجا جائے اور اس کے تمام اخراجات وزارت مذہبی امور برداشت کرے، اس عمل سے تمام نیو انرولڈ کمپنیوں کو حج کا تجربہ حاصل ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستانی حجاج ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا علی ضیغم، وقاص حفیظ اور عبدالحمید اور نصرت الله نے منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزارت مذہبی امور سے مطالبہ کیا کہ وزارت مذہبی امور نئی کمپنیوں کو عمرہ کے تجربہ کے نمبر دے رہی ہے، اس کے برعکس کوٹہ ہولڈر کمپنیوں کیلئے نہ ہی ایسی کوئی شرط رکھی گئی اور نہ ہی ان کے پاس عمرہ کا تجربہ یا لائسنس ہے، نیو انرولڈ کمپنیوں کیلئے انتہائی مشکل ترین شرائط رکھی گئی ہیں ۔

پاکستانی حجاج ویلفیئر ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ آر ایس ایم کی رپورٹ کے مطابق کوئی سی نئی آڈٹ رپورٹ وصول نہ کی جائے ۔ اگر نیو انرولڈ کمپنیوں کو کوٹہ دینا مقصود ہے تو اس کیلئے نیو انرولڈ کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو ایسی پالیسی بنائے جو سب کیلئے قابل قبول ہو، اس سے قبل پالیسی بناتے ہوئے ہوپ نامی تنظیم کو تو شامل کیا جاتا رہا ہے لیکن نیو انرولڈ کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کی کمی کی بناء پر اگر یہ سب ممکن نہ ہو تو پاکستانی حجاج ویلفیئر ایسوسی ایشن وزارت مذہبی امور کو یہ حق دیتی ہے کہ اس سال سارا حج سرکاری سطح پر کرایا جائے اور اگلے سال کیلئے شفاف طریقہ سے پالیسی مرتب کرکے ری اسسمنٹ کرکے اسی سال کوٹہ الاٹ کیا جائے، اس عمل سے ایک مخصوص طبقہ مستفید نہ ہو سکے گا۔