کراچی ، وزیر اعظم کی جانب سے توہین آمیز الفاظ استعمال کر نے پر تاجر برادری کا 27 اپریل کی ہڑتال کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

کراچی میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ ،اووربلنگ اور کراچی کے عوام کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے توہین آمیز الفاظ استعمال کر نے پر تاجر برادری نے شدید ردِ عمل کا اظہار کیا

جمعرات 26 اپریل 2018 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) کراچی میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ ،اووربلنگ اور کراچی کے عوام کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے توہین آمیز الفاظ استعمال کر نے پر تاجر برادری نے شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔جمعہ 27 اپریل کی ہڑتال کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ، آج کراچی کی 75سے زائد ایسوسی ایشنز اور ٹریڈ باڈیز نے کراچی پریس کلب میں ہونے والے اجلاس میں ہڑتال کی اپیل کو تاجروں کے دل کی آواز قرار دیا اور اس کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔

آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز کے صدر محمود حامد کی صدارت میں ہو نے والے اجلاس میں مختلف الخیال ٹریڈرز نے شر کت کر کے اپنے لا زوال اتحاد کا مظاہرہ کیا اور 27 اپریل کو کراچی بند رکھنے کا رضا کارانہ فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے جماعت اسلامی جنوبی کے امیر عبد الرشید نے خطاب کر تے ہوئے تاجر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کر تے ہوئے ہڑ تال کی حمایت کا اعلان کیا۔

محمود حامد نے کہا کہ یہ بڑی خوشی اور مسرت کی بات ہے کہ آج کراچی کی مختلف الخیال ایسوسی ایشن kالیکٹرک کے ظلم کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو گئی ہیں۔آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شر جیل گوبلانی نے کہا کہ یہ زندگی اور موت کی جنگ ہے اگر اب kالیکٹرک کو لگام نہ دی گئی تو کراچی کو تباہ کر دے گی۔پاکستان بز نس فورم کے رہنما خلیفہ انوار نے ہڑتال کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے اسے تاجروں کے دل کی آواز قرار دیا ہے۔

اسمال ٹریڈرز کراچی کے نائب صدر عثمان شریف نے کہا کہ لوڈشیڈنگ بند نہ ہوئی تو کارو بار کرنا ممکن نہیں رہے گا۔کراچی تاجر اتحاد کے صدر اور لیاقت آباد ٹریڈرز کے رہنما انصار بیگ قادری نے کہا کہ ہماری جنگ کامیابی تک جاری رہے گی۔اجلاس سے پاک سر زمین پارٹی کے رہنما و چیئر مین اسٹار سٹی مال محمد عمران رشید نے بھی ہڑ تال کی حمایت کا اعلان کیا اور اجلاس میں ناز پلازہ الیکٹرونکس مارکیٹ کے رہنما نوید احمد ،اسمال ٹریڈرز اوڈینئن سینٹر کے صدر راجا ریحان ،میرٹ روڈ ٹریڈرز کے صدر احمد شمسی ،میٹھا در مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر نعیم ذکی ،کراچی بیٹری ایسو سی ایشن کے صدر سیف الرحمن ،آل پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے صدر جاوید حاجی عبد اللہ ،جامع کلاتھ مارکیٹ کے رہنما سلیم راجپوت ،پاکستان پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن کے صدر محمد آصف ،کپڑا مارکیٹ بولٹن مارکیٹ کے رہنما ناصر انصاری ،سندھ تاجر اتحاد کے رہنما کاشف صابرانی ،لیاقت آباد اسٹیل مارکیٹ کے رہنما عبد الماجد ،ناظم آباد پرنٹرز ایسو سی ایشن کے صدر زاہد حسین ،تاجران قائد آباد کے صدر شوکت ربانی ،بوھرا پیر ٹریڈرز کے رہنما زبیر علی خان ،ایم اے جناح روڈ اسپورٹس مارکیٹ کے صدر ملک سلیم ، فیصل ابراہیم ،صدر بوہری بازار کے رہنما محمد علیم ،صدر ٹریڈرز الائنس کے رہنما فہیم نوری اور محمد ربان ،گارمنٹ ایسو سی ایشن کے رہنما عبد الماجد ،بولٹن مارکیٹ کے رہنما عمران میمن ،سولجر بازار KMCمارکیٹ کے صدر عبد الغفار موتی والا، پاکستان بزنس فورم کے صدر شکیل ہاشمی ،جوڑیا بازار کے سابق صدر جعفر کوڑیا ،معین اسٹیل مارکیٹ کے رہنما چوہدری محمد ایوب ،لیاقت آباد ٹریڈرز الائنس کے رہنما بابر بنگش اور دیگر نے شر کت کی اور ہڑ تال کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔