دیانت دار قیادت ہی ملک کو اسلامی ،خوشحالی اور کرپشن سے پاک بنا سکتی ہے ،دردانہ صدیقی

ْجماعت اسلامی تمام تعصبات اور موروثیت سے پاک ہے ،حیدر آباد میں ناظمات کے اجتماع سے خطاب

جمعرات 26 اپریل 2018 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) ہر کارکن پر لازم ہے کہ وہ دعوت و تبلیغ کے تین نکات اپنی پوری زندگی کے اندر اللہ کی بندگی اور انبیاکرامؑ کی پیروی اختیار کرنا ، منافقت اور دو رنگی سے پرہیز اور خیر کے کاموں کواپنی ذات تک محدود رکھنے کے بجائے خیر کے نظام میں بدلنے کی کوشش کرنے کی ہر ممکن جدوجہد کرے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے دورہ حیدر آباد کے موقع پر ناظمات کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حق کے پیغام کو سمجھنے والی قیادت کے لئے لازمی ہے کہ اللہ تعالی سے اس کا تعلق بہت مضبوط ہو اور اس تعلق کی مضبوطی کیلئے قرآن و سنت کا وسیع مطالعہ اور ان پر عمل کرنا ضروری ہے۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ ہم اس وقت تک پاکستان کو نظریاتی طور پر اسلامی ، خوشحال اور کرپشن سے پاک نہیں بنا سکتے جب تک کے دیانت دار قیادت پارلیمنٹ میں نہ ہو جماعت تمام تعصبات اور موروثیت سے پاک ہے۔ جماعت اسلامی ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لیکر انشاء اللہ نظام کی تبدیلی کے ذریعے اسلامی ،خوشحال اورمستحکم پاکستان کا خواب ضرور پورا کرے گی۔