کراچی میں بجلی وپانی کی عدم فراہمی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا

اورنگی ٹائون میں نامعلوم افراد نے دکانیں بند کرادیں ، سڑک پر ٹائر نذر آتش ، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ، شہریوں کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا

جمعہ 27 اپریل 2018 13:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) شہر قائد میں بجلی و پانی کی عدم فراہمی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے احتجاج کیا اور مختلف علاقوں میں دھرنے بھی دئیے گئے ، اورنگی ٹائون میں نامعلوم افراد نے دکانیں بند کرادیں اور سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کا کراچی میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، پانی کی عدم فراہمی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیاگیا اور دھرنے دیئے گئے ۔ جماعت اسلامی کی جانب سے شٹرڈائون ہڑتال کی کال پر شارع فیصل ملیر ہالٹ کے قریب دھرنا دیا گیا جبکہ ملیر، کالابورڈ کی سڑک ٹریفک کیلئے مکمل بند رہی ۔

(جاری ہے)

کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں نامعلوم افراد نے دکانیں بند کرادیں اور سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔

پولیس کی بھاری نفری بھی شارع فیصل پر موجود رہی ۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے 27 اپریل کو کراچی میں بجلی و پانی کی عدام فراہمی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے شہر میں پرامن احتجاج اور ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے دورہ کراچی کے موقع پر شہر سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا تاہم صورتحال اب بھی جوں کی توں موجود ہے شہری بجلی و پانی کو ترس گئے ہیں۔