اداروں کی مضبوطی اور ملکی معیشت کے استحکام کیلئے جمہوری نظام کا تسلسل بہت ضروری ہے،گورنر پنجاب

اتوار 29 اپریل 2018 18:50

لاہور۔29 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی اور ملکی معیشت کے استحکام کے لئے جمہوری نظام کا تسلسل بہت ضروری ہے۔یہ عوام پر چھوڑ دینا چاہئے کہ کون بہتر ہے اور کون نہیں،عوام کو حق حاصل ہے کہ ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا چنائو کریں۔انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کی بجائے تعمیری تنقید ہونی چاہئے تاکہ اصلاح ہو سکے۔

کراچی کے اًمن کو بحال کردیا گیا ہے جس کا کریڈٹ موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران عوام کے دُکھوں کے مداوے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لئے پالیسیاں مرتب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میںاولڈ راویئنز ایسوسی ایشن کے سالانہ ڈنر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خاں، سابق گورنر سندھ کمال اظفر، معروف قانون دان ایس ایم ظفر، سابق وائس چانسلر ڈاکٹر خلیق الرحمن، سابق آئی جی موٹر وے ذوالفقار احمد چیمہ، ڈاکٹر اجمل نیازی، عثمان پیرزادہ، خالد عباس ڈار اور اولڈ راوینئزایسوسی ایشن کے ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی شاندار روایت رہی ہے کہ اس ادارے نے بڑے بڑے نامور لوگ پیدا کیے ہیں جنہوں اپنے ملک اور قوم کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا نام ہمیشہ روشن رہے گا۔گورنر نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل اپنے رول ماڈل اور ہیروز کو بھولتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مشاہیر کے دن تو ضرور مناتے ہیں مگر اُن کے افکار پر عمل نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ ہم انتشار کا شکار ہیں۔

انہوں نے بیوروکریٹس پر زور دیا کہ وہ خدمت کے جذبے کو سامنے رکتھے ہوئے عام آدمی کی بہتری کے لئے پالیسیاں مرتب کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہوا ہے اگر ان کا صحیح استعمال کیا جائے تو ہم ترکی اور دیگر ممالک کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کسی سے کم نہیں اور یہ دوسرے ممالک کے مقابلے میں نمبر ون ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ذرعی ملک ہونے کے باوجود اربوں روپے کی دالیں، سبزیاں دوسرے ممالک سے امپورٹ کرتا ہے۔ انہوں نے لاہور میںسٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انٹی ٹیوشن قائم کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی تعریف کی۔تقریب سے معروف قانون دان ایس ایم ظفر نے ڈاکٹر عبدالقدیر کو آنریری اولڈ راویئنز کا خطاب دیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے پاس سب کچھ موجود ہے مگر ہم نے اس پر عمل نہیں کیا۔ ہم نے اپنے علم کو اس انداز میں آگے نہیں بڑھایا جس طرح اس کو بڑھانا چاہئے تھا۔ تقریب سے سابق گورنر سندھ کمال اظفر، سابق آئی جی ذوالفقار احمد چیمہ، خالد عباس ڈار اور عثمان پیر زادہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اولڈ راویئنز ایسوسی ایشن کے ممبران کو اپنے اپنے شعبوں میں شاندار خدمات سرانجام دینے پر ایوارڈز بھی دیئے۔