موجودہ عدلیہ افتخارمحمد چوہدری کے اثر سے نکل چکی امید ہے انصاف ملے گا ،پرویز مشرف

جیسے ہی میرے لئے سازگار ماحول والی حکومت آئی واپس آجائوں گا،کوئی کرپشن نہیں کی ،کسی عدالت نے سزا نہیں بھی دی ،پھر بھی الیکشن لڑنے سے تاحیات روک دیا گیا ، نواز شریف کے دماغ میں فتور ہے، وہ وقت یاد کریں جب وہ مجھ سے معافی مانگ کر باہر گئے تھے، سابق صدرکی پریس کانفرنس

پیر 30 اپریل 2018 21:03

موجودہ عدلیہ افتخارمحمد چوہدری کے اثر سے نکل چکی امید ہے انصاف ملے ..
دبئی / اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ موجودہ عدلیہ افتخارمحمد چوہدری کے اثر سے نکل چکی ہے امید ہے اب انصاف ملے گا ،جیسے ہی میرے لئے سازگار ماحول والی حکومت آئی واپس آجائوں گا،کوئی کرپشن نہیں کی کسی عدالت نے سزا بھی نہیں دی ،پھر بھی الیکشن لڑنے سے تاحیات روک دیا گیا ، نواز شریف کے دماغ میں فتور ہے، وہ وقت یاد کریں جب وہ شاہ عبداللہ سے منت کر کے مجھ سے معافی مانگ کر باہر گئے تھے۔

دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ موجودہ عدلیہ افتخار محمد چوہدری کے اثر سے نکل چکی ہے امید ہے اب انصاف ملے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابھی بھی حکومتی مشینری پر نوازشریف کے لوگ لگے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پہلے میں خود ملک میں آیا تھا اور مصیبت سر لی تھی لیکن اب جیسے ہی میرے لئے سازگار ماحول والی حکومت آئی واپس آجائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا پاسپورٹ تین ماہ پہلے رینیو ہونے کیلئے دیا گیا جو میرے آئینی حق کے باوجود مجھے واپس نہیں دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ میرے سے پہلے آرمی چیف کو بھی نوازشریف نے نکالا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف دور میں مجھے جہاز لینڈ کرنے کیلئے بھارت جانے کا کہا گیا جس پر فوج نے ایکشن لیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دماغ میں فتور ہے ،نوازشریف وہ وقت یاد کریں جب وہ شاہ عبد اللہ سے منت کرکے مجھ سے معافی مانگ کرباہر گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ فالتو میں نہیں نوازشریف ہیں وہ اپنے لئے خود قبر کھود رہے ہیں اور اسی میں گریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی ،کسی عدالت نے مجھے سزا بھی نہیں دی پھر بھی الیکشن لڑنے سے تاحیات روک دیا گیا ہے۔