عالمی یوم مزدورآج عقیدت و احترام‘قومی جوش و جذبے سے منایا جائیگا

پیر 30 اپریل 2018 20:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) دنیابھر کی طرح پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت ریاست جموںو کشمیر میں آج یکم مئی ’’عالمی یوم مزدور‘‘ انتہائی عقیدت و احترام اورقومی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ آزادکشمیر کے تمام ضلعی ‘تحصیل ہیڈکوارٹرز‘ سٹی مقامات پر شکاگو کے عظیم مزدوروں کی لہو کی قربانیوں اور تاریخ ساز جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جلسے‘جلوس ‘مظاہرے ‘ دھرنے اور ریلیاں نکالی جائینگی ۔

(جاری ہے)

دارالحکومت مظفرآباد میں پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے زیراہتمام سینٹرل پریس کلب کے سامنے آزادی چوک میںریلی نکالی جائے گی۔ مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں مزدور حقوق کے تحفظ اور ان کے بچوں کو نرسری سے اعلیٰ تعلیم تک فیسوں کی مکمل معافی ‘روزگار کی فراہمی ‘ صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ آدھا تولہ سونے کے برابر تنخواہ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ جبکہ مزدور حقوق کیلئے کام کرنے والی جملہ سرکاری ‘نیم سرکاری تنظیموں ‘ٹریڈ یونینز ‘طلبہ ریلیاں نکال کر محنت کشوں کے حقوق کی حمایت کرینگے۔