مزدوروں کا دن منانے کا مقصد محنت کش طبقے کے وقار اور معقول اجرتوں کو یقینی بنانے کی کوششوں کو تیز کرنا ہے‘شہبازشریف

دین اسلام میں مزدور کو الله کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیاہے‘وزیراعلیٰ پنجاب کا محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 30 اپریل 2018 22:08

مزدوروں کا دن منانے کا مقصد محنت کش طبقے کے وقار اور معقول اجرتوں کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم مئی 1886 کو شکاگو میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کیلئے لازوال قربانیاں دیں۔یہ دن ہمیں شکاگو کے شہداء اور ان کی جبرواستبداد کے خلاف جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔اس دن کا بنیادی مقصد مزدوروں اور کارکنوں کے استحصال سے انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مزدوروں کا دن منانے کا مقصد محنت کش طبقے کے وقار اور معقول اجرتوں کو یقینی بنانے کی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں مزدور کو الله کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیاہے۔ دین اسلام محنت کش کی عظمت اور فلاح و بہبود کا درس دیتا ہے اور مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اسے اجرت کی ادائیگی کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین بھی مزدوروں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محنت کش طبقے کو ان کا جائز مقام دیئے بغیر پائیدار اقتصادی و سماجی ترقی حاصل نہیں کی جا سکتی۔ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں محنت کشوں کا کلیدی کردار ہے ۔ افرادی قوت کسی بھی صنعت ومعیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہییہی وجہ ہے کہ حکومت محنت کش طبقات کی حالت بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اورمحنت کشوں کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس اور تاریخی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔

پنجاب حکومت کے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا چکا ہے اوراینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے ہزاروں بچوں کو تعلیم کے لئے سکولوں میں لایا گیا ہے۔پنجاب حکومت کے مزدور دوست اقدامات سے محنت کش بھرپور طریقے سے استفادہ کر رہے ہیں اور محنت کشوں کو رہائش ، علاج معالجہ اور ان کے بچوں کو تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے متعدد پروگراموں پر عمل درآمد جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محنت کشوں کے بچوں کیلئے معیاری تعلیمی اداروں ، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں اور لیبر کالونیوں کا قیام حکومت پنجاب کی مزدور دوست پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم مئی مزدوروں کے حقوق کو یقینی بنانے کے بارے میں عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ہمیں آج کے دن مزدوروں کی فلاح اور ان کے جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ان کا بھر پور ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔