مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب میں وہ کر دکھایا جو ملک کی ستر سالہ تاریخ میں آج تک نہیں ہو سکا

ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے اراکین اسمبلی کا جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کرانے پر شہباز شریف کو خراج تحسین

پیر 30 اپریل 2018 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) ملتان اور بہاولپور ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ نے اسلام آباد میں پارٹی قیادت سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی عناصر احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جو یہ کہتے ہیں حکومت نے جنوبی پنجاب میں کچھ نہیں کیا ، قائد پاکستان مسلم لیگ(ن)محمد نواز شریف اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن)اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجود ہ حکومت نے جنوبی پنجاب میں وہ کچھ کر دکھایا ہے جوپاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں آج تک نہیں ہو سکا۔

اس موقع پرشجاع آباد سے رکن قومی اسمبلی جاوید علی شاہ نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں ہیلتھ سینٹر ، ہسپتال ، سکول ، کالجز اور یونیورسیٹیوں کے ساتھ ساتھ ایکسپریس ویز ، موٹر وے کی تعمیر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا سنہری کارنامہ ہے جس سے جنوبی پنجاب کے عوام دل سے خوش ہیں۔

(جاری ہے)

احمدپور شرقیہ سے رکن پنجاب اسمبلی خالد وارن نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی پاکستان مسلم لیگ(ن)سے جدا ہو رہے ہیں انہوںنے کہاکہ جس جماعت نے انہیں اپنے ووٹرز کے سامنے سرخرو کیااور 41 فیصد کے بجائے 45 فیصد فنڈز جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی پر صرف کئے اسے وہ کیسے چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔

بہاولنگر سے شوکت لالیکا نے کہاکہ حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب میں سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے اور ایسے علاقوں میں کارپیڈڈ روڈز بن گئی ہیں جہاں سے گردو غبار اور شکستہ حال کچے راستے تھے۔ انہوں نے کہا اس سے قبل کسی کو جنوبی پنجاب کا خیال نہیں آیا اور صرف وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ہی اس علاقے پر بھرپور توجہ دے کر عوام کی قسمت سنوار دی ہے۔

دونوں ڈویژنوں سے دیگر منتخب عوامی نمائندوں نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کی ان کاوشوں کو سراہا جن کی وجہ سے جنوبی پنجاب کا احساس محرومی دور ہوا اور لوگوں کو میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے جدید سہولیات زندگی میسر آ رہی ہیں۔ ملتان سے شیخ طارق نے کہاکہ سیاسی مخالفت کی بناء پر جنوبی پنجاب کی محرومی کا رونا رونے والے محض پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔