کراچی پولیس نے کالعدم تنظیم کے سابق امیر سمیت 5 ملزمان گرفتار کرلیے

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، منشیات ، موٹرسائیکل اور مسروقہ سامان برآمد ، مقدمات درج

پیر 30 اپریل 2018 23:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سہراب گوٹھ کے سابق امیر سمیت5 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، منشیات ، موٹرسائیکل اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔پیر کو پاک کالونی پولیس نے ملزم منیر احمد خان عرف خوشبو والا ، عرف ماما کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم منیر نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ 2010 سی2011 تک سہراب گوٹھ میںکالعدم تحریک طالبان پاکستان کا امیر رہا ہے۔

اس کے کالعدم ٹی ٹی پی عسکری ونگ کے مولوی مصباح الدین ، سہراب عرف عمر ، خان زمان ، اختر زمان ، طیب ، فدا حسین اور ساجد سے قریبی مراسم تھے ، ملزم کی عطر و پرفیوم کی دکان و رہائش گاہ گل ہاؤس میں تھی ، دکان میں علاقے سے جمع ہونے والے بھتے کی رقم و اسلحہ رکھا جاتا تھا ، 2012 میں قاری عثمان جو کوئٹہ سے تحریک طالبا ن کا رکن تھا اس نے ملزم کی دکان میں دھماکا خیز مواد اور دستی بم رکھوائے تھے جو بعد میں ملزم نے نصیب اللہ خان اور خان زمان کو دیے تھے ، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

شارع نورجہاں پولیس نے عبد اللہ کالج کے ڈی اے فلیٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئی2 ملزمان گل محمد اور جمال شاہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ ، چھینا گیا پرس ،رقم اور چوری کی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی ، ملزمان خلیل احمد سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس موقع پرپہنچ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ وہ اس سے قبل بھی پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے جا چکے ہیں ، عزیز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم عمران کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کر لی ، گرفتار ملزم منشیات فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث ہے۔

بریگیڈ پولیس نے جیکب لائن صدر لان کے قریب سروس روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم دانیال عرف ببلو کو گرفتار کر کے اسلحہ اور چھینا گیا موبائل فون برآمد کر لیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جمشید کوارٹر ، بریگیڈ اور فیروز آباد کے علاقے میں اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتیں کیں ہیں۔