سازشی عناصر بلوچستان میں قائم امن کی فضاء کو کمزور کرنے کے درپے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

تمام شہریوں کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، کسی کو صوبے میں قائم بھائی چارے کی فضا کو خراب کرنے نہیں دیا جائے گا،میرعبدالقدوس بزنجو

پیر 30 اپریل 2018 23:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سازشی عناصر بلوچستان میں قائم امن کی فضاء کو کمزور کرنے کے درپے ہیں،تمام شہریوں کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، کسی کو صوبے میں قائم بھائی چارے کی فضا کو خراب کرنے نہیں دیا جائے گا،حکومت ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایچ ڈی پی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ایچ ڈی پی کے جنرل سیکریٹری احمد کوہزاد کی سربراہی میں ملاقات کی۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، مشیر خزانہ رقیہ ہاشمی اور رکن صوبائی اسمبلی میر خالد خان لانگو بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے ہزارہ برادری کے افراد سے خود جاکر اسمبلی کے سامنے ملاقات کی اور ان کے مطالبات سنے۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام شہریوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے،گذشتہ چند دنوں سے ایک سازش کے تحت کوئٹہ میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنایا جارہاہے تاکہ پاکستان اور بلوچستان کو کمزور کیا جائے اور دنیا کو یہ پیغام دیا جائے کہ بلوچستان محفوظ نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نفرتیں پھیلانے والے اور بھائی چارے کی فضا کو خراب کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، ہماری سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت صوبے میں امن قائم ہوا ہے، ہمارے اداروں نے بہت سے ٹارگٹ کلرز اور خود کش پکڑے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ افغانستان سے ملحقہ علاقوں کو محفوظ بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ دہشت گرد پاکستان میں داخل نہ ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ اور دیگر دہشت گرد کاروائیوں کی روک تھام کے لئے کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کی جلد تکمیل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی کوشش ہے کہ صوبے میں بدامنی پھیلائے لیکن ان کی سازش ناکام ہورہی ہے، شہر کے مسلسل دوروں کا مقصد عوام کو سیکیورٹی کا یقین دلانا ہے جب ہم باہر نکلیں گے تو ہمارے ساتھ دیگر بھی نکل کر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فوج پر تنقید کرنے والے اس وقت کہاں تھے جب وزیرستان اور فاٹا دہشت گردی کا شکار تھے، اب جب کہ وہاں امن قائم ہوچکا ہے اور ترقی آئی ہے تو کچھ عناصر کو اب ظلم اور ناانصافی یاد آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک دشمنوں نے تمام قوموں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم سب کو مل کر امن دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں ہر طرح کی سیکیورٹی فراہم کرے گی جس پر وفد نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔