وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 1 مئی 2018 12:09

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔01 مئی 2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 13 سال میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح کر دیا۔ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ملک کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزراء سمیت پی آئی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

کراچی سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم اور ایئرلائن حکام نے کراچی سے آنے والی پرواز میں سوار مسافروں کا استقبال کیا۔ پاکستان ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق نئے ایئرپورٹ پر کراچی سے آنے والی پرواز کے کپتان فرخ مرزا اور زوہیر الیاس فرسٹ آفیسر تھے۔

(جاری ہے)

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ 19 مربع کلو میٹر پر محیط ہے جہاں سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز بروز جمعرات 3 مئی سے ہوگا۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے 3 کلو میٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے ۔ اس رن وے پر اے تھری ایٹی سمیت دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دُھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔ جدید ترین سہولیات سے آراستہ، 2 رن وے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت کا ڈیزائن جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔

اسلام آباد کا نیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ خطے کے ایوی ایشن حب کے طور پر ڈیزائن کیا گیا جہاں مسافروں کی سہولت کے لیے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سینما گھر،ایک بڑا اسپتال، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ وغیرہ موجود ہیں۔ اس کے علاوہ نئے ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیار کے سیلف چیک ان کاؤنٹرز، لانگ ٹائم پارکنگ، 8 فائر کریش ٹینڈرز، جدید ترین ایئرفیلڈ، طیاروں کو فنی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ترین ایم آر او سسٹم اور الگ کارگو ٹرمینل بھی بنایا گیا ہے۔

ایئرپورٹ پر کارگو ویلیج بھی بنایا گیا ہے جبکہ گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیز نے بھی اپنے کام کا آغاز کر رکھا ہے۔ مزید برآں پاکستان کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سکیورٹی پر ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کے 4 ہزار جوان اور رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ سکیورٹی کو مزید بہتر اور فول پروف بنانے کے لیے جدید ترین لیزر سکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔

ائیر پورٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہ اکہ ہم نے جومنصوبے شروع کیے وہ پورے بھی کیے۔ موجودہ دورمیں فضائی سفرضرورت بن گیا ہے۔ یہ ہوائی اڈہ حکومت کی گذشتہ پانچ سال کی کارکردگی کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ اقتصادی ترقی کےلیےگیٹ وے ہے۔ نیواسلام آباد ایئرپورٹ عالمی معیار کا ہوائی اڈہ ہے، شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا کہ لاہورایئرپورٹ کی توسیع بھی رواں ماہ شروع کی جائے گی۔

بےشمارچیلنجزمیں ہمارے لیے حکومت کرنا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف زبانی وعدے نہیں کیے بلکہ عملی طور پر کام کر کے دکھایا ہے۔ ملک میں ترقی جمہوریت کی بدولت ہی ہوتی ہے۔ کسی ملک نے جمہوریت کے بغیر ترقی نہیں کی۔ ہم نے گیس کی طلب ورسد کا فرق مٹایا۔ 10ہزارمیگاواٹ سےزائد بجلی سسٹم میں شامل ک۔ یملک میں ہزاروں کلومیٹرز شاہراہیں بن رہی ہیں۔

حکومتی اقدامات پرتنقیدکرنا آسان ہوتا ہےیہ منصوبہ سالہا سال تاخیرکاشکارتھا لیکن ہماری حکومت نے اسے مکمل کر کے دکھا دیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نیو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح 20 اپریل کو ہونا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کے باعث تاریخ تبدیل کرتے ہوئے اس کا آج افتتاح کیا گیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں فضائی سفر ایک ضرورت بن گیا ہے اور منصوبہ سالوں سے تاخیر کا شکار تھا ہم نے ایک مشکل کام کو حقیقت میں تبدیل کر دیا ہے۔