عام انتخابات سے قبل بدعنوانوں کااحتساب ہونا چاہیے،ارباب غلام رحیم

منگل 1 مئی 2018 21:32

ملتان۔یکم مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) سابق وزیراعلی سندھ ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے قبل ہر بدعنوان کااحتساب ہونا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ احتساب کے عمل سے سب کوگزرنا چاہیے اور جمہوریت کے لیے یہی بہتر ہے کہ بدعنوان لوگ دوبارہ اقتدار میں نہ آسکیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سید وجاہت حسین گیلانی کے انتقال پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے اظہارتعزیت کے بعد مخدوم ہائوس ملتان میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ارباب غلام رحیم نے مزید کہاکہ پرویز مشرف نہ کوئی سیاسی شخصیت ہے اور نہ ہی انہیں سیاست میں آنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کیلئے علیحدہ صوبے اس خطے کے لوگوں کا دیرینہ اورجائز مطالبہ ہے اوراسے اس خطے کی عوام کے خواہش کے مطابق بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم سب کی باہمی مشاورت سے بننا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت آئین کے مطابق بنائی جائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف اس وقت ایک نئی سیاسی قوت ہے اور آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو سندھ میںدیگر سیاسی جماعتوں سے الائنس کرلینا چاہیے۔