نواز شریف کی تقریر سن کر لگتا ہے بھارت کا کوئی نیا لیڈر مودی کی زبان بول رہا ہے

نوازشریف جتنے بھولے لگتے ہیں اتنے ہی شاطر ہیں، ان کی سیاست اب ختم ہوچکی ہے، رہنما پیپلزپارٹی ،نبیل گبول

بدھ 2 مئی 2018 13:49

نواز شریف کی تقریر سن کر لگتا ہے بھارت کا کوئی نیا لیڈر مودی کی زبان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ نواز شریف کی تقریر سن کر لگتا ہے بھارت کا کوئی نیا لیڈر مودی کی زبان بول رہا ہے، وہ جتنے بھولے لگتے ہیں اتنے ہی شاطر ہیں، ان کی سیاست اب ختم ہوچکی ہے۔ایک خصوصی انٹرویومیں نبیل گبول نے کہاکہ نواز شریف خود کو مظلوم بنانے کے لیے نیب کورٹ میں پیش ہوتے ہیں، نااہلی کے بعد انہوں نے بہت سے منفی اقدامات کیے ہیں اگر ان کے اقدامات کی تفتیش ہو تو آرٹیکل 6 کا مقدمہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کو نواز شریف کاروباری مائنڈ سیٹ کے مطابق لائے ہیں، وہ خود بھی جانتے ہیں 2018 کے الیکشن میں انہیں کچھ نہیں ملے گا، نواز شریف آج کل جو باتیں کر رہے ہیں اگر ایسی باتیں نہیں کریں گے تو انھیں ووٹ کہاں سے ملیں گے، ان کی تقریروں سے لگتا ہے سیاسی گھبراہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

نبیل گبول نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 235 میں بھی فنانشنل ایمرجنسی کا ذکر ہے، کوئی سیاسی جماعت نہیں چاہتی کہ فنانشنل ایمرجنسی لگے۔

پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں 65 فیصد کے قریب سیٹیں لے سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ پن کی جانب لے جانے کی کوشش کی ہے، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ جون میں 20، 20 گھنٹے تک بڑھ جائے گا، ان کے اقدامات کی وجہ سے پیٹرول بھی جلد 120 روپے پر چلا جائے گا۔