Live Updates

رانا ثناء، عابد شیر علی اور طلال چودھری کے خواتین سے متعلق بیانات کے خلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع

بدھ 2 مئی 2018 19:07

رانا ثناء، عابد شیر علی اور طلال چودھری کے خواتین سے متعلق بیانات کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے رانا ثناء، عابد شیر علی اور طلال چودھری کے خواتین سے متعلق بیانات کے خلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی ۔قرارداد بدھ کے روز پی ٹی آئی کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیاء نے جمع کرائی ۔سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان ، ایم پی اے ثمر علی خان اور دیگر ان کے ہمراہ تھے ۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ رانا ثناء، طلال چودھری اور عابد شیرعلی اپنے بیانات پر معافی مانگیں۔ قرارداد میں تینوں رہنماؤں کے خلاف ان کی جماعت کی جانب سے سخت ایکشن لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ قرارداد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سیما ضیاء کا کہنا تھا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور خواتین کے لئے یہ قرارداد اہم ہے ۔

(جاری ہے)

رانا ثناء، طلال چودھری اور عابد شیر علی نے خواتین کی تذلیل کی ہے ۔یہ گھٹیا سوچ کے مالک ہیں ۔خواتین کی تذلیل کرنا ن لیگ کی روایت بن چکی ہے ۔ڈاکٹر سیما ضیاء نے مزید کہا کہ ن لیگ کی خواتین کو سوچنا چاہئے کہ کیا انہیں ان رہنماؤں کے ساتھ رہنا چاہئے ن لیگ کے تینوں رہنماؤں نے پورے پاکستان کی خواتین سمیت مادرِ ملت فاطمہ جناح، شہید بے نظیر بھٹو، بیگم کلثوم نواز، مریم نواز اور بیگم نصرت بھٹو کی بھی تذلیل کی ہے ۔

تحریک انصاف میں باشعور خواتین شامل ہیں ۔تمام سیاسی جماعتیں مذکورہ ن لیگی لیڈروں کے بیانات پر احتجاج کریں اوران لوگوں کا بائیکاٹ کریں۔ ڈاکٹر سیما ضیاء نے کہا کہ تینوں رہنماؤں نے کسی اورکی تذلیل نہیں بلکہ اپنی ذہنیت اور تربیت کی عکاسی کی ہے۔ سیاست اب سمجھدار اور باشعور لوگ کریں گے۔ ان کا خاتمہ ہورہا ہے ۔ایک ایک کرکے یہ نااہل ہورہے ہیں ۔خواجہ آصف نے ہماری خاتون رہنما کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے ،وہ بھی نااہل ہوئے ۔انہوں نے تینوں رہنماؤں کے نازیبا بیانات کے خلاف چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات