Live Updates

عمران خان کا پیغام ملا کہ وہ مجھے واپس چاہتے ہیں، شیرافضل مروت کا دعویٰ

مجھے عجلت میں نکالا گیا مگر اب میں کسی کے استعمال ہونے کیلئے دستیاب نہیں، میں نے فیصلہ کیا ہے میرا سفر اب جذبات اور نعروں کے بجائے عقل، تدبر اور دانائی کے زیرِ سایہ ہوگا؛ رکن قومی اسمبلی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 اکتوبر 2025 14:24

عمران خان کا پیغام ملا کہ وہ مجھے واپس چاہتے ہیں، شیرافضل مروت کا دعویٰ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2025ء ) رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے عمران خان کا پیغام ملا کہ وہ مجھے واپس چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ قیادت کی جانب سے عمران خان کا پیغام ملا کہ وہ مجھے واپس چاہتے ہیں لیکن اب میں چوتھی بار نکالے جانے کے امکان کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتا، اس لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میرا سفر اب جذبات اور نعروں کی بجائے عقل، تدبر اور دانائی کے زیرِ سایہ ہوگا، میرا ماننا ہے کہ مجھے عجلت میں نکالا گیا مگر اب میں کسی کے لیے استعمال ہونے کے لیے دستیاب نہیں کیونکہ سیاست میں خاموشی بھی ایک بیانیہ ہوتی ہے اور میرا بیانیہ اب وقار، خودداری اور سکونِ دل ہے۔

شیر افضل مروت کہتے ہیں کہ گزشتہ تین برسوں میں مجھے تین مرتبہ نکالا گیا اور ہر بار کارکنان کے بھرپور ردِعمل پر واپس لیا گیا، یہ محض ادوار نہیں تھے، یہ وہ دروس تھے جو اکثر سیاست دان تین دہائیوں میں سیکھتے ہیں لیکن مجھے تین برس میں مل گئے، مگر ایک حقیقت اور بھی تلخ ہے کہ کارکنوں کی محبت اور وابستگی کو کمزور کرنے کے لیے جب میرے خلاف سوشل میڈیا پر منظم کردارکشی کی گئی تو یہ زخم دل میں رہ گیا میں اسے نہ بھول سکا نہ معاف کر سکا، غالب گمان ہے کہ یہی دراڑ میری پی ٹی آئی میں دوبارہ شمولیت کے راستے میں مستقل رکاوٹ بنی رہے گی۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے بیان سے متعلق انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے میرے بارے میں جو لکھا وہ حقیقت پر مبنی ہے اور میں اس سچائی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، مسلم لیگ ن میں چند ہی شخصیات ہیں جنہیں میں حقیقی احترام کی نظر سے دیکھتا ہوں اور کواجہ سعد رفیق ان میں سرفہرست ہیں، رہی میری اپنی راہ تو میں نے خود کو تقدیر کے حوالے کر دیا ہے، دیکھتے ہیں آنے والے دن کیا ورق پلٹتے ہیں، اکثر اوقات تاریخ خاموش قدموں سے لکھی جاتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات