آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقعپر حیدرآباد میں عالمی یوم آزادی صحافت منایا گیا

حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے ریلی نکالی گئی، پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا

جمعرات 3 مئی 2018 23:42

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پرپاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر رانا محمد عظیم اور سیکریٹری جنرل جی ایم جمالی کی ہدایت پرملک بھر کی طرح حیدرآباد میں عالمی یوم آزادی صحافت منایا گیا، اس سلسلے میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جوکہ بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے آزادی صحافت کے حق میں نعرے لگارہے تھے، اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایچ یو جے کے صدر حمید الرحمن نے کہا کہ صحافت آج بھی حقیقی معنوں میں آزاد نہیں ہے اور ہماری آزادی صحافت کی جدوجہد بدستور جاری ہے،انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صحافیوں کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا جارہا ہے اورگذشتہ سال دنیا بھر میں 81 سے زائد صحافی قتل کئے گئے جبکہ ہمارے ملک میں بھی صحافیوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں صحافی آج بھی خود کو غیر محفوظ تصور کررہے ہیں، ایچ یو جے کے صدر کا کہنا تھا کہ صحافیوں کا معاشی استحصال کسی صورت قبول نہیں کریں گے،حکومت میڈیا ہائوسز کو کمزور کرنے کی سازشوں کا نوٹس لے کیونکہ میڈیا ہائوسز سے ہزاروں میڈیا ورکرز کا روزگار وابستہ ہے،مظاہرے میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان میں شہید ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اورحکومت وعدے کے مطابق شہید صحافیوں کے اہل خانہ کو مالی معاوضہ دے،مظاہرے میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری شیراز ڈاہری، ناصر شیخ، آفتاب میمن،اکرم شاہد،الطاف کوٹی،محمد حسین خان،ریاست ناغڑ، سردار خان،غلام قادر توصیفی، عامر علی، نعیم شاہ،ناصر حسن،قسیم قریشی،امتیاز کھوسو،اسلم کھتری اورہارون آرائیں سمیت دیگر صحافیوں ،کیمرہ مینوں اور پریس فوٹو گرافرز نے بڑی تعداد میں شرکت ۔