خان پور، کرش مشینوں سے متاثرہ عمائدین کی عمر ایوب کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر سے ملاقات

ڈپٹی کمشنر ہری پور نے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیکر چھ روز میں رپورٹ طلب کر لی

جمعہ 4 مئی 2018 12:06

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) کرش مشینوں سے متاثر خان پور کے عمائدین نے عمر ایوب خان کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر ہری پور سید فیاض علی شاہ سے ملاقات کی۔ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیکر چھ روز میں رپور ٹ طلب کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر مملکت برائے خزانہ اور امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 17- ہری پور عمرایوب خان کو دو روز قبل دورہ خان پور کے موقع پر مقامی لوگوں نے آگاہ کیا تھا کہ کرش مشینوں اور اس کے باعث ہونے والی بلاسٹنگ کی وجہ سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کو جانی و مالی خطرات، پانی و بجلی کی کمی اور سخت ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے اور ان کی زندگیاں اجیرن ہو کر رہ گئی ہیں جس پر عمر ایوب خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے بات کی اور ڈپٹی کمشنر سے بھی ملاقات کروانے کا وعدہ کیا۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان کی قیادت میں وفد نے ڈپٹی کمشنر سید فیا ض علی شاہ سے ملاقات کی جس کے دوران عمر ایو ب خان اور وفد نے ڈپٹی کمشنر کو کرش مشینوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل و مشکلات بارے آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر ہری پور کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیکر چھ روز کے اندر رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وفد نے بعد ازاں عمر ایو ب خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مسئلہ کے حل میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سے بات اور بعد ازاں وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات بھی کروائی۔