پاکستان اور ویتنام کے درمیان ٹیکسٹائل، لیدر، فارما، زراعت، فوڈ پروسیسنگ اور آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جام کمال خان

منگل 14 اکتوبر 2025 16:26

پاکستان اور ویتنام کے درمیان ٹیکسٹائل، لیدر، فارما، زراعت، فوڈ پروسیسنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان ٹیکسٹائل، لیدر، فارما، زراعت، فوڈ پروسیسنگ اور آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،ترجیحی تجارتی معاہدہ سے مارکیٹ تک رسائی اور تجارتی تنوع بڑھے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاکستان ویتنام بزنس فورم سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے کاروباری ادارے طویل المدتی پارٹنر شپ قائم کریں، پاکستان میں نوجوان افرادی قوت اور پرکشش کاروباری ماحول موجود ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں سہولت مہیا کرے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ویتنام کی صنعتی ترقی اور ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ سے ہمیں سیکھنے کی ضرورت ہے،بزنس فورم پاک ویتنام معاشی تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ ملاقاتیں اور بی ٹو بی سیشنز دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ جام کمال خان نے ویتنامی کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام نے ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے ) پر مذاکرات کے آغاز پر اتفاق کر لیا، ترجیحی تجارتی معاہدہ 2025 کے اختتام تک مکمل اور دستخط کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں کئی گنا اضافہ ہوگا اور ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔

تقریب سے خطاب میں ویتنام کے وزیر برائے صنعت وتجارت اینگون ہونگ دیئن نے کہا کہ ترجیح تجارتی معاہدے سے پائیدار ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویتنام کے سرمایہ کار پاکستان کے بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں بالخصوص معدنیات ، فارما ، ٹیکسٹائل اور لیدر کے شعبوں میں نجی سرمایہ کار دلچسپی رکھتے ہیں ۔ بزنس فورم میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور ویتنامی وزارت صنعت و تجارت نے پریزنٹیشنز بھی دیں اور دونوں ممالک کے وزراء نے نجی شعبے کو مشترکہ منصوبوں میں فعال کردار ادا کرنے کی دعوت بھی دی۔

بزنس فورم میں پاکستان اور ویتنام کے درجنوں کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔ بزنس فورم میں دونوں وزراء نے دوطرفہ تعلقات کو نئے معاشی دور میں داخل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، کنکٹیویٹی اور سیاحت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ جام کمال خان نے ویتنامی بزنس کمیونٹی کو نومبر میں کراچی میں ہونے والی فوڈ اینڈ ایگریکلچر ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی۔