Live Updates

افغانستان کی جانب سے حالیہ حملے افسوسناک ہیں،سلمان اکرم راجہ

منگل 14 اکتوبر 2025 17:03

افغانستان کی جانب سے حالیہ حملے افسوسناک ہیں،سلمان اکرم راجہ
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسائل کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت لازمی ہے۔پشاور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے حالیہ حملے افسوسناک ہیں، تاہم سرحد بند کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا ہمیں ایسے حالات پیدا کرنے ہیں کہ نہ تو افغانستان میں اور نہ ہی پاکستان میں دہشت گردی ہو، جب تک بات چیت نہیں ہوگی امن ممکن نہیں۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اپوزیشن کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور خیبر پختونخوا میں جمہوری عمل مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت میں اختلاف یا ٹوٹ پھوٹ کا تاثر بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری آج نہ ہوئی تو کل ہوجائےگی۔

سلمان اکرم راجہ نے سہیل آفریدی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی وزیر رہ چکے ہیں اور ان کے گرد تجربہ کار ٹیم موجود ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد کی طرف مارچ کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور تمام سیاسی معاملات آئینی اور قانونی دائرے میں حل کیے جائیں گے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات