Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا سبزیوں کے نرخ میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کا اعلان

ہر دکان پرنرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرانے کا حکم ، ہر بازار کے داخلی راستے پر بھی ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کی ہدایت

منگل 14 اکتوبر 2025 17:08

وزیراعلیٰ پنجاب کا سبزیوں کے نرخ میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کا اعلان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبے میں سبزیوں اور روزمرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر قابو پانے سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کے نرخ میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سبزیوں کے نرخ میں کمی اور دستیابی یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر دکان پرنرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرانے کا حکم دیا، ہر بازار کے داخلی راستے پر بھی ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو سے متعلق بریفنگ دی گئی، پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو سٹریٹجک پلان پیش کیا۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک ایپلی کیشن کے ذریعے سنٹرل ڈیش بورڈ پرسبزیوں کی فراہمی سے متعلق تمام ڈیٹا میسر ہوگا، سبزیوں، دالوں کے سٹاک،آمد، نرخ اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی ڈیٹا ایپ کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جائے گا، پرائس مانیٹرنگ اینڈ کنڑول سنٹر پر گندم کی پسائی اور آٹے کی دستیابی کا جائزہ لیا جائے گا، سبزیوں منڈیوں میں ٹرکوں کی ٹریکنگ بھی کی جا سکے گی۔

اجلاس میں پنجاب بھر میں سبزیوں کے لئے بھی یکساں طرز اور ڈیزائن کی ریڑھیاں مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پنجاب بھر کی 239مریم نواز کاشتکاربازار/سبزی منڈیوں کی یکساں برانڈنگ پر اتفاق کیا گیا، مارکیٹ سٹاف کی یکساں یونیفارم، شیڈ اور شاپس بھی ایک جیسی بنائی جائیں گی۔فیصلہ کیا گیا کہ منڈیوں میں صفائی برقرار رکھنے کے لئے میکینکل سویپر استعمال کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں نگہبان رمضان پیکج پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، رمضان میں ہر محلے میں سستے سٹال لگانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، تحفظ صارف قانون کے موثر نفاذ کے لئے اقدامات جا ئزہ لیا گیا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ نرخ میں کمی کے لئے حکومت کے تمام تراقدامات کا عوامی سطح پر اثرات نظر آنے چاہئیں، سبزیوں کی ضرورت کا تعین کرکے پیشگی انتظام کیا جانا چاہئے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات