رائیونڈ تحصیل بحال کرو۔۔۔۔پینے کا صاف پانی دو اور ووٹ لو

رائے ونڈ شہر کے اہم مقامات پر شہریوں نے مطالبے پر مبنی بینرز آویزاں کردئیے

جمعہ 4 مئی 2018 16:38

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) رائے ونڈ شہر کے اہم مقامات پر تحصیل کو فعال اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے مطالبے کے بینرز آویزاں کردئیے گئے ۔

(جاری ہے)

شہریوں کی جانب سے آویزاں کئے گئے بینرز پر کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے 7سال قبل رائے ونڈ کو تحصیل کا درجہ دیا تھا لیکن سات سال کا عرصہ بیت جانے کے باوجود تحصیل کا نظام فعال نہ ہونے سے شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے لاہور کے دھکے کھانے پڑرہے ہیں ،بینرز پر درج دوسرا مطالبہ پینے کے صاف پانی کا ہے جس بارے میں کہا گیا ہے کہ ووٹ کو عزت دو اورووٹر کو پینے کا پانی دو درج ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ رائے ونڈ کی عوام 6لاکھ روپے یومیہ پانی خریدنے پر خرچ کرتی ہے جو کہ حکومت دعوئوں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے بینرز شہر کے اہم علاقوں ،مصروف ترین شاہرائوں اور چوکوں میں آویزاں کئے گئے ہیں ۔