ملکی توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے آبی ذخائر میں اضافہ کیا جائے ‘خادم حسین

جمعہ 4 مئی 2018 16:47

ملکی توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے آبی ذخائر میں اضافہ کیا جائے ‘خادم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) ممتازتاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ ملکی توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے آبی ذخائر میں اضافہ کیا جائے کیونکہ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے ممالک میں پاکستان کا اب تیسرا نمبر ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اگر پانی کو ذخیرہ کرنے کے مناسب انتظامات نہ کیے گئے تو آنے والے وقتوں میں پاکستان کی معیشت پر اس کے شدید منفی اثرات مرتب ہونگے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیروز پوربورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خادم حسین نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باعث معیشت کاپانی پر انحصار بڑھ رہا ہے بڑے آبی ذخائر نہ ہونے سے سالانہ 25ارب روپے کا پانی سمندر میں گر کر ضائع ہورہا ہے اس لیے ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کالا باغ ڈیم سیمت بڑے آبی ذخائر تعمیر کیے جائیں کیونکہ ہمارے ہمسایہ ممالک چین میں87ہزار، انڈیا میں3ہزار 200جبکہ پاکستان میں صرف150ڈیم تعمیر کیے جاسکیں ہیں۔اس لیے بڑھتی ہوئی پانی کی ضروریات کے پیش نظر فی الفور بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کا آغاز کیا جائے تاکہ پانی کی ضروریات کے ساتھ ساتھ بجلی کے بحران کا بھی خاتمہ ممکن ہوسکے۔