معروف ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین نے ماہ رمضان میں گیم شو نہ کرنے کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 4 مئی 2018 16:48

معروف ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین نے ماہ رمضان میں گیم شو نہ کرنے کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 مئی 2018ء) : گذشتہ کئی برس سے ماہ رمضان میں مسلمان جتنی بے صبری سے روزے رکھنے اور اللہ کی عبادات کرنے کا انتظار کرتے ہیں وہیں بچوں میں رمضان میں ہونے والی انعامات کی بارش اور گیم شوز کو لے کر بھی بے حد بے چینی ہوتی ہے۔ گیم شوز میں حاضرین اور ناظرین پر انعامات کی بارش کی جاتی ہے تو دوسری جانب عیدی کے نام پر کئی قیمتی تحائف بھی دئے جاتے ہیں۔

البتہ اس مرتبہ ماہ رمضان میں تمام ٹی وی چینلز کے گیم شوز سے ایک شو کم ہونے والا ہے۔ بول نیٹ ورک پر واپس آنے والے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے رواں برس ماہ رمضان میں کسی گیم شو کی میزبانی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹی وی چینل کے ذرائع کے مطابق عامر لیاقت بول پر واپس آ کر اپنا پروگرام تو کریں گے ہی اور ساتھ ہی بول رمضان ٹرانسمیشن کا حصہ بھی بنیں گے۔

(جاری ہے)

تاہم عامر لیاقت نے رواں برس ماہ رمضان میں گیم شو کی میزبانی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ''رمضان میں بول'' میں اس مرتبہ کوئی گیم شو نہیں ہو گا۔
اس خبر نے گیم شوز کے دلدادہ لوگوں کو حیرت میں مبتلا کر کے افسردہ کر دیا ہے۔ چونکہ عامر لیاقت حسین میڈیا چینلزپر گیم شوز کے بانیوں میں سے ایک ہیں ،لہٰذا ان کا یہ فیصلہ ان کے مداحوں کے لیے بھی کافی حیران کُن تھا۔

جہاں کچھ لوگوں نے ٹویٹر پر عامر لیاقت کے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا وہیں کچھ لوگوں نے رمضان میں گیم شو کی میزبانی نہ کرنے کے عامر لیاقت کے اس فیصلے کو بھی خوب سراہا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت حسین نے رمضان میں گیم شو کی میزبانی نہ کرنے کا اچھا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے میں ہمیں ان کا ساتھ دینا چاہئیے۔

متعلقہ عنوان :