بھارتی فورسز کی طرف سے گولیوں اور بیلٹ گنوں کا بے دریغ استعمال بدترین ریاستی دہشت گردی ہے‘ حریت فورم

بھارتی فورسز خود کالے قوانین کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کے تحت نہتے کشمیریوں کو وحشیانہ ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں میر واعظ عمر فاروق کی حریت رہنماء مختار احمد وازہ کی گرفتاری کی مذمت

جمعہ 4 مئی 2018 18:06

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے وانگام شوپیاں میں پر امن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی طرف سے گولیوں اور پیلٹ گنوں کے بے دریغ استعمال جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور درجنوں شدید زخمی ہوگئے ہیںکی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین سرکاری ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فورسز خود کالے قوانین کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کے تحت نہتے کشمیریوں کو وحشیانہ ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وانگام شوپیاں جیسے خونین واقعات اب روز کا معمول بنتے جارہے ہیںاور کشمیریوںنوجوانوں کو ظلم و تشدد اورطاقت کے بل دیوار کے ساتھ لگانے کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے واضح کیاکہ کہ اس طرح کے غیر جمہوری اور غیر انسانی ہتھکنڈوں سے کشمیری آزادی پسند قیادت اور عوام کے عزم کو شکست نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے شوپیاںمیں شہید ہونیوالے کشمیری طالب علم عمراحمد کمارکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کے حصول کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کر رہے ہیں او ر ان کی قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا۔

انہوں نے حریت رہنماء مختار احمد وازہ کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی۔اس دوران حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پر ایک وفد نے سرینگر کے صدر اسپتال جاکر وانگام شوپیاں میں بھارتی فورسز کی اندھادھند فائرنگ سے شدید زخمی ہونیوالے افراد کی عیادت کی۔ وفد میں غلام نبی زکی، مشتاق احمد صوفی، فاروق احمد سوداگر، محمد صدیق ہزار اور ساحل احمد وار شامل تھے۔