صحافی حقیقت پر مبنی تنقید کرکے حکومت ، اپوزیشن دونوں کی ر ہنمائی کرسکتے ہیں ، رانا محمد اقبال خان

کسی بھی ترقی یافتہ ملک کی کامیابی میں صحافت کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ شعبہ صحافت سے منسلک افراد اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے خلوص اور ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی ادا کریں، پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری میں برداری تقریب کے بعد خطاب

جمعہ مئی 20:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاںنے کہا ہے کہ صحافی حقیقت پر مبنی معیاری تنقید کے ذریعے حکومت اور اپوزیشن دونوں کی رہنمائی کر سکتے ہیں۔کسی بھی ترقی یافتہ ملک کی کامیابی میں صحافت کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ شعبہ صحافت سے منسلک افراد اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے خلوص اور ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب صدر خواجہ نصیر اور سیکرٹری محمد علی اقبال سے حلف لینے کے بعد خطاب کر تے ہوئے کیا۔ حلف برداری کی پروقار تقریب پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کمیٹی کے ممبران، سینئر سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر اور اسمبلی کے دیگرافسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے نومنتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں آزاد اور خود مختار صحافت پر یقین رکھتا ہوںتاہم صحافی برادری کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بغیر تحقیق کے کوئی خبر عوام تک نہیں جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے میڈیا کا کردار لائق تحسین ہے ۔ سچے اور پر خلوص جذبے کے ساتھ صحافتی امور کی انجام دہی عبادت ہے ۔

سپیکر نے کہا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ پریس گیلری کے بغیر ادھورا ہے ۔سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ صحافی‘ عوامی نمائندوں اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پریس گیلری کی نو منتخب قیادت صحافتی اقدار کے ساتھ ساتھ ملکی استحکام، قیام امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی ۔

رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں کی براہ راست کوریج (Live Coverage) کے ذریعے پنجاب کے عوام اپنے نمائندگان کی ایوان کے اندر کارکردگی سے با خبر رہتے ہیں۔ اس سے عوامی نمائندگان کو بھی اپنی اصلاح کا موقع ملتا ہے اور وہ عوامی امنگوں کے مطابق قانون سازی میں حصہ لے سکتے ہیں ۔ پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیراو ر سیکرٹری محمد علی اقبال نے اس موقع پر اپنے خطاب میںاس بات کا اظہار کیا کہ صحافی برادری اپنے فرائض سے بخوبی واقف ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ میڈیا کے نمائندے انتہائی ذمہ داری سے ملک و قوم کی بہتری ، جمہوریت کی بالا دستی اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔ بعدازاں سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے پریس گیلری کمیٹی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔