جاگ مہاجر جاگ کا نعرہ مہاجروں کو مزید برباد کردے گا، ذوالفقار قائم خانی

اب کوئی نفرت آمیز ہتھکنڈا کام نہیں آئے گا ، کراچی کی اکثریت کا ووٹ لسانیت کی سیاست کرنے والوں کے خلاف پڑے گا ،رہنما پیپلزپارٹی

جمعہ 4 مئی 2018 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و قائد حزب اختلاف ڈی ایم سی (ایسٹ ) ذوالفقار قائم خانی نے کراچی میں جاگ مہاجر جاگ کے بینرز آویزاں کرنے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر مہاجروں کے مستقبل کو تاریک کرنے اور کراچی کو معاشی ، سماجی طور پر تباہ و برباد کرنے کی گھنانی سازش کی جارہی ہے ۔

افسوسناک بات یہ ہے کہ مہاجروں کی دو نسلیں اجاڑنے کے بعد تقسیم اور نفرت کی سیاست کا بازار گرم کیا جارہا ہے ۔ تہذیب و تمد ن کی عکاسی اور مہذب ہونے کی شناخت رکھنے والے طبقے کو غنڈہ گردی اور منشیات کے اندھیروں میں دھکیل کر مہاجر کے نام پر تباہ کن سیاست کرنے والوں نے اپنی تاریخ سے سبق نہیں سیکھاجبکہ مہاجروں کو تباہ و برباد اور نسل کشی کر کے سب سے زیادہ نقصان ایم کیو ایم نے پہنچایا ہے ۔

(جاری ہے)

ذوالفقار قائم خانی نے کہا کہ بلاول بھٹو کے ایک جلسے نے مہاجروں کے نام پر سیاست کرنے والوں کو ذہنی دیوالیہ پن سے دوچار کردیا ہے ۔دہشت گردوں اور بلیک ملینگ کی سیاست کرنے والے کراچی میں پیپلز پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو برادشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں ۔ ایم کیو ایم کے تمام دھڑے آپس میں دست و گریبان ہیں اس کے باوجود کراچی میں سیاسی کنٹرول حاصل کرنے کے لیے منافرت کی آگ سلگانا چاہتے ہیں ۔

مہاجروں کو سوچنا چاہیے کہ لسانیت کی سیاست نے مہاجروں کو کہاں کھڑا کردیا ہے ۔ جاگ مہاجر جاگ کا نعرہ مہاجروں کو مزید برباد کردے گا ۔ اب مہاجر بھی جان چکے ہیں کہ ان کی نسلوں کو تباہ کرنے والے کوئی بھی روپ دھار لیں وہ دھوکے میں نہیں آئینگے ۔ اب کوئی نفرت آمیز ہتھکنڈا کام نہیں آئے گا اور کراچی کی اکثریت کا ووٹ لسانیت کی سیاست کرنے والوں کے خلاف پڑے گا ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کراچی کوقومی دھارے میں شامل کر کے مہاجروں کو روشن مستقبل کی طرف لے جانے کا جو بیڑہ اٹھایا ہے اسے مہاجروں کی اکثریت نے قبول کرلیا ہے اس لیے کہ بلاول بھٹو بھی کراچی کا بیٹا ہے ۔