فاٹاکو قومی دھارے میں لانا احسن اقدام ہے،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

بھارت افغانستان کے ذریعے سازشیں کرکے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے، ملک دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا سی پیک کو ناکام کرنے کی ملک دشمن قوتیں ہر ممکن کوششیں کررہی ہیں، فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرکے قبائلی عوام کو تعلیم ،صحت ، تجارت اور روزگار کے مواقع میسر ہوں گے الیکشن 2018ء میں قوم کو ایسی خوشخبری دی جائے جس سے پاکستان میں ہر طرف امن اور خوشحالی کا دور شروع ہو ، جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2018 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ فاٹاکو قومی دھارے میں لانا احسن اقدام ہے۔ بھارت افغانستان کے ذریعے سازشیں کرکے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ ملک دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔ سی پیک کو ناکام کرنے کی ملک دشمن قوتیں ہر ممکن کوششیں کررہی ہیں۔

فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرکے قبائلی عوام کو تعلیم ،صحت ، تجارت اور روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ بھارت پاکستان کو تقسیم کرنے کیلئے ہر وقت سازشیں کررہا ہے اور چاہتا ہے کہ پاکستانی قوم کو صوبائیت ،لسانیت اور قومیت کی بنیاد پر تقسیم کرکے پاکستان کو کمزور کیا جائے۔کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر حصوں میںدہشت گردی کروائی جارہی ہے اور دوسری طرف مذہبی جماعتوں میں تفریق اور انتہاپسندی کو فروغ دینے کا عالمی ایجنڈہ شروع ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

محب وطن علماء اور قوتیں مل بیٹھیں اور ماضی کی طرح اب بھی دشمن کے تمام منصوبوں کوناکام بنادیں۔ الیکشن 2018؁ء میں قوم کو ایسی خوشخبری دی جائے جس سے پاکستان میں ہر طرف امن اور خوشحالی کا دور شروع ہو۔اٹک میں سرکاری ادارے کی بس پر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ایک بار پھر ملک میں افراتفری پھیلارہے ہیں ۔ان حالات میں ملک کے مقتدر اداروں اور مذہبی شخصیات اور تمام مکاتب فکر کی عبادتگاہوں سے سیکورٹی ختم کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے۔

مرکزی جامع مسجد گول میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہوکر سب سے پہلے اس ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنا ہوگا۔ شکیل آفریدی کے بدلے حسین حقانی کی ڈیل مت کی جائے ۔شکیل آفریدی پاکستان اور پوری قوم کا مجرم ہے ۔اس قسم کی خبریں اس وقت جو پھیلائی جارہی ہیں اس کا پاکستان کسی بھی صورت متحمل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائد اعظم یونیورسٹی میں ڈاکٹر عبد السلام کے نام سے منسوب شعبہ فزکس کا نام بدلنے کی متفقہ قرارداد کی منظوری پاکستانی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا ۔

اس پر ممبران پارلیمنٹ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔مذہبی حلقوں اور امت مسلمہ کا دیرینہ مطالبہ تھا جوکہ موجودہ پارلیمنٹ نے اس کو پورا کردیا ۔آئندہ بھی ملک کے کسی بھی ادارے میں موجود کلیدی عہدوں پر متعین قادیانیوں کوکلیدی عہدوں سے ہٹایا جائے اور مختلف تاریخی عمارتوں کو ان کی طرف منسوب نہ کیا جائے۔حکومت رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کو کنٹرول کرے اوررمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں فوری کمی کا اعلان کرے ۔ جمعہ کے اجتماع میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں بالخصوص نماز تراویح کیلئے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں۔ اجتماع کے آخر میں اٹک خود کش حملہ میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔