شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت آفیشل دورے پر ترکی روانہ

جامعہ سندھ کی جانب سے یلڈز ٹیکنیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ کے ساتھ تدریسی، تحقیقی و پیشہ ورانہ تعاون، ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور ایکسچینج پروگرام پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ جامعہ سندھ اور یلڈز یونیورسٹی کے مابین باہمی دلچسپی کے منصوبوں کے حوالے سے یاداشت نامے پر دستخط بھی کریں گے

جمعہ 4 مئی 2018 23:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت آفیشل دورے پر ترکی روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ جامعہ سندھ کی جانب سے یلڈز ٹیکنیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ کے ساتھ تدریسی، تحقیقی و پیشہ ورانہ تعاون، ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور ایکسچینج پروگرام پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ جامعہ سندھ اور یلڈز یونیورسٹی کے مابین باہمی دلچسپی کے منصوبوں کے حوالے سے یاداشت نامے پر دستخط بھی کریں گے۔

روانگی سے قبل اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر برفت نے کہا کہ انہیں اپنے اس دورے سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے اس دورے سے جامعہ سندھ اور ترکی کی جامعہ کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے سے جامعہ سندھ اور ترکی کی یونیورسٹی کے درمیان ثقافتی و علمی فاصلے کم ہونگے اور دونوں جانب تحقیق کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر برفت نے کہا کہ طلباء کے مختلف شعبوں میں تعلیمی تبادلے کے پروگرامز کے متعلق وہ اپنے ہم منصب سے خصوصی بات چیت کریں گے تاکہ جامعہ سندھ کے زیادہ سے زیادہ طلباء کو ترکی میں اسکالر شپ کے تحت اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر برفت کی غیر موجودگی میں ڈین، فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اختر حسین مغل جامعہ کی امور کی نگرانی کریں گے۔ رجسٹرار جامعہ سندہ ساجد قیوم میمن نے گورنر سندھ و چانسلر یونیورسٹیز ان سندھ کے آفس سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی روشنی میں ایسا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔