Live Updates

بریگیڈیئر (ر)مظفر رانجھا نے الیکشن میں(ن)لیگ کو فوجی معاونت کا الزام مسترد کردیا

الزام پر خصوصی جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ،کہ عمران خان بیان حلفی جمع کرائیں میں بھی بیان حلفی دوں گا، جو بھی غلط نکلے اسے سخت سزا دی جائے، عمران خان ایک غیر ذمہ دار شخص ہیں ،فوج بحیثیت ایک ادارہ کام کرتا ہے، ایک بریگیڈیئر اپنے لیے کچھ نہیں کرسکتا،بریگیڈیئر(ر)مظفر رانجھا کا عمران خان کے بیان پر ردِ عمل

ہفتہ 5 مئی 2018 16:11

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) بریگیڈیئر(ر)مظفر رانجھا نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے الیکشن میں (ن)لیگ کو فوجی معاونت کا الزام مسترد کر تے ہوئے ان کے الزام پر خصوصی جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ عمران خان بیان حلفی جمع کرائیں میں بھی بیان حلفی دوں گا، جو بھی غلط نکلے اسے سخت سزا دی جائے، عمران خان ایک غیر ذمہ دارانہ شخص ہیں ،فوج بحیثیت ایک ادارہ کام کرتا ہے، ایک بریگیڈیئر اپنے لیے کچھ نہیں کرسکتا۔

ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب بریگیڈیئر(ر)مظفر رانجھا نے 2013 کے انتخابات میں عمران خان کی جانب سے (ن)لیگ کو فوج کی معاونت کیالزام کی سختی سے تردید کی اور عمران خان کے بیان پر ردِ عمل دیتے کہاکہ عمران خان غیر ذمہ دار شخص ہیں جو فوج پر انتخابات میں اثرانداز ہونے کا الزام لگا رہے ہیں، فوج بحیثیت ایک ادارہ کام کرتا ہے، ایک بریگیڈیئر اپنے لیے کچھ نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں فوج کا کوئی کردار نہیں تھا، اس وقت کے آرمی چیف جنرل کیانی نے سختی سے منع کیا تھا کہ سیاسی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کرنا ہے۔مظفر رانجھا نے کہا کہ اس وقت ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہے تھے جس میں کامیابیاں مل رہی تھیں۔بریگیڈیئر(ر)مظفر رانجھا نے عمران خان کے الزام پر خصوصی جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بیان حلفی جمع کرائیں میں بھی بیان حلفی دوں گا، جو بھی غلط نکلے اسے سخت سزا دی جائے۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ روز نجی ٹی وی پروگرام میں الزام عائد کیا تھاکہ 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کو فوج کی مدد حاصل تھی۔عمران خان نے پنجاب کے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے موجودہ سربراہ اور ملٹری انٹیلی جنس پنجاب کے سابق سربراہ بریگیڈیئر (ر)مظفر رانجھا پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے 2013 کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگکی فتح کو یقینی بنایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات