بھارتی فوج تحریک آزادی کچلنے کیلئے کشمیریوں کی نسل کشی کا ارتکاب کر رہی ہے ،نہتے کشمیریوں کی قتل و غارت گری پر حکومت خاموش تماشائی نہ بنے ، قوم جدوجہد آزادی کشمیر کو بھارت سے دوستی کی بھینٹ نہیں چڑھانے دے گی،مودی سرکار کی دہشت گردی کو تمام بین الاقوامی فورمز پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے

امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدکا تربیتی نشست سے خطاب اور وفود سے گفتگو

اتوار 6 مئی 2018 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی فوج تحریک آزادی کچلنے کیلئے کشمیریوں کی نسل کشی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ نہتے کشمیریوں کی قتل و غارت گری پر حکومت خاموش تماشائی نہ بنے۔ قوم جدوجہد آزادی کشمیر کو انڈیا سے دوستی کی بھینٹ نہیں چڑھانے دے گی۔ مودی سرکار کی دہشت گردی کو تمام بین الاقوامی فورمز پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ،کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں‘ ان کی مددوحمایت جاری رکھیں گے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی پربین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی سے ان کا دوہرا کردار پھر بے نقاب ہو گیا ہے۔ وہ اتوار کو مرکز سعد بن ابی وقاص چوک کچہری میں کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

تربیتی نشست سے صدر ملی مسلم لیگ پاکستان سیف اللہ خالد نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مرکزی رہنما جماعة الدعوةمولانا نصر جاوید،مفتی عبدالطیف،مسئول جماعة الدعوة جنوبی پنجاب ابو معاذ عمران، عطاء اللہ غلزئی،میاں سہیل احمد،ابو ہریرہ،عبدالرحمان سیاف بھی موجود تھے۔

حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہی ہے۔ پر امن مظاہرین کیخلاف پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیاروںکا استعمال درندگی کی انتہا ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی ان کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔ کشمیری مسلمان جدوجہد ازادی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔

امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خطہ سے نکلنے کے بعد بھارت زیادہ دیر تک مقبوضہ کشمیر میں نہیں ٹھہر سکے گا۔ یہ بات طے شدہ ہے کہ خطہ میں امن بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانے سے نہیں کشمیریوں کو مکمل آزادی ملنے سے ہو گا۔انہوںنے کہاکہ لاالہ الااللہ ہی ہماری دعوت ہے اور اسی پر ہم نے سیاست کرنی ہے۔ یہی نظریہ پاکستان ہے۔ یہ ملک اللہ کی بہت بڑی نعمت اور لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کی امانت ہے۔

لاکھوں لوگوںنے اسی کلمہ طیبہ کی خاطر قربانیاں پیش کی تھیں۔ جب ہم یہ باتیں بھول گئے تو یہ ملک دولخت ہو گیا۔ قیام پاکستان کے موقع پر جب کلمہ طیبہ کیلئے قربانیوں کا عہد کیاگیا تو برصغیر کے مسلمانوںنے بھرپور انداز میں ساتھ دیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح جب بلوچستان آئے اور کہاکہ ہم کلمہ طیبہ کے لئے یہ ملک بنانا چاہتے ہیں تواہل بلوچستان نے انہیں سونے میں تولا اور کہا کہ اگر آپ کا مقصد یہ ہے تو اس کیلئے ہماری جان بھی حاضر ہے۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر دن بدن مضبوط ہو رہی ہے۔ بھارت نے کیمیائی ہتھیاروں سمیت تمام حربے استعمال کرکے دیکھ لئے لیکن ان کی جدوجہد آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سبوتاژ کرنے کی کوششیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ تحریک آزادی کشمیر جاری ہے اور جاری رہے گی۔

صدر ملی مسلم لیگ پاکستا ن سیف اللہ خالدنے کہاکہ اتحاد ملت اور خدمت انسانیت ہمارا منشور ہے۔ہم فرقہ بندی،گروہ بندی اور پارٹی بندی کی سیاست کو ختم کرنے آئے ہیں۔قوم اور ملت کو نظریہ پاکستان پر متحد کریں گے۔ہم انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کا منشور لیکر آئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت طلباو طالبات سمیت پوری کشمیری قوم سڑکوں پر ہے اور غاصب بھارت کے ظلم و بربریت کیخلاف شدید احتجاج کر رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں حکومت پاکستان کو کشمیر میں جاری ظلم و دہشت گردی دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلئے بھرپور سفارتی مہم چلانی چاہیے۔