سمال انڈسٹریزکارپوریشن آزاد کشمیر کی طرف سے کھڑی شریف میں زری ایمبرائیڈری سنٹر کاقیام

اتوار 6 مئی 2018 20:30

میرپور /کھڑی شریف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) سمال انڈسٹریزکارپوریشن آزاد کشمیر کی طرف سے کھڑی شریف میں زری ایمبرائیڈری سنٹر کے قیام سے اہلیان علاقہ کھڑی کی ایسی بے روز گار خواتین جو گھریلو صنعت میں دلچسپی رکھتی ہیں انہیں گھر کی دہلیزپرہنر مندی کی تعلیم کے مواقع ملیں گے اورلوکل سطع پر تیار کردہ زری مصنوعات کو بھی فروغ ملے گاجس سے بے روزگاری کا خاتمے میں بھی اہم پیش رفت ہوگی ۔

زری ایمبرائیڈری سنٹرکھڑی میں داخلہ لینے کے لئے خواتین کی بڑی تعداد شدت سے انتظار کررہی ہے حکام جلد داخلہ کے شیڈول کا اعلان کریں تاکہ اہلیان علاقہ کی خواتین زری ایمبرائیڈری سنٹر میں کڑھائی کی سہولیات میسر آسکے ۔اس سنٹر سے اہلیان علاقہ کھڑی کی غریب اور نادار خواتین کے ساتھ دوسری ایسی خواتیں جو گھر کی چار دیواری کے اندر رہ کر روزگار حاصل کرنا چاہتی ہیں وہ بھی اس سنٹر سے استعفادہ حاصل کرکے اپنی ماہوار آمدن میں خاطر خواہ آضافہ کرسکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

کھڑی شہر میں زری ایمبرائیڈری سنٹر کے قیام کے حوصلہ افزا ء نتائج مرتب ہونگے اور زری مصنوعات کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ پوری کرنے میں یہ شعبہ خود کفالت کی طرف جائے گا جس سے لوکل سطع پر اس صنعت کو مزید فروغ ملے گا ۔حلقہ کھڑی کی سیاسی وسماجی اور سول سوسائٹی نے زری ایمبرائیڈری سنٹرکھڑی کے قیام کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے وزیر صنعت وحرفت محترمہ نورین عارف ،ممبر اسمبلی چوہدری رخسار احمدکی کاوشوں کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے جھنوں نے اس سنٹر کے قیام کے لیے پی سی ون منظور کروایا۔

یاد رہے کہ یہ سنٹر قبل ازیں جاتلاں میں عرصہ 3 سال سے قائم تھا جہاںخواتین کی بڑی تعداد نے زری ایمبرائیڈری کی تعلیم حاصل کی ہے عوامی اور فلاحی مفاد میں اب یہ سنٹر کھڑی میں شفٹ کیا گیا ہے جس سے اہلیان کھڑی کی خواتین کو گھر کی دہلیز پرزری مصنوعات کی تعلیم کی سہولیات میسر آئیں گی۔