قلندر دوراں پیر سید حیدر شاہ گیلانیؒکے 57ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں

پیر 7 مئی 2018 20:05

کوٹلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) قلندر دوراں پیر سید حیدر شاہ گیلانیؒکے 57ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔مریدین و معتقدین نے جوق در جوق حاضری شرکت کی۔تین روز ہ عرس کی تقریبات کے پہلے روز محفل سماع اور دوسرے روزمحفل نعت جبکہ تیسرے روز دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اختتامی دعاسجادہ نشین دربار عالیہ پناگ شریف پیر سید عارف حسین شاہ گیلانی نے فرمائی۔

پاکستا ن و آزاد کشمیر سمیت بیرون ممالک سے ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے عرس کی تقریبات میں شرکت کی ۔دعائیہ تقریب سے سجادہ نشین دربار عالیہ پناگ شریف پیر سید عارف حسین شاہ گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء کے آستانے رشد و ہدایت کا مرکز اور ان آستانوں سے زمانے کے دھتکارے ہوئے لوگوں کے دلوں کو قرار ملتا ہے۔

(جاری ہے)

عشق والوں کو ہر دور میںعقل والوںپر فوقیت حاصل رہی ۔

اسلام میں جہاں عقیدے کی درستگی لازم ہے وہاں عقیدت کو بھی خاص مقام حاصل ہے۔ روحانیت کے مقام کو سمجھناسائنس کے بس کی بات نہیں ۔اللہ والے دنیا سے پردہ فرماجاتے ہیں لیکن ان کے فیوض و برکات ہمیشہ ہم میں موجو د ہوتے ہیں۔پیر سید حیدر شاہ گیلانی مست قلندر کے آستانے سے آج تک کوئی بھی خالی نہ گیا ۔سرکار کی نظر جس پر پڑی وہ صاحب کرامت ہو گیا۔

حضرت پیر سید حیدر شاہ گیلانی ؒ نے حیدری بٹالین اور سنی فورس کا قیام عمل میں لایااور ان کے نور نظر پیر سید سرور حسین شاہ گیلانی ؒ نے ان کے طریقہ کار کو آگے بڑھاکر ثابت کیا کہ اللہ کے ولی ہر دور میں زندہ اور عمل میں ہیں۔آج ہر عالم دین اور ہر پیر کی زبان پر نظام مصطفی ﷺ کا نعرہ ہے اور یہ حیدری بٹالین اور سنی فورس کی سنگت کا کمال ہے اور یہ سنگت کو ئی عام سنگت نہیں بلکہ بہت ہی باکمال سنگت ہے۔

تقریب سے زیب سجادہ نشین پیر سید غفور حسین شاہ گیلانی،سید مشتاق حسین شاہ آف درہ شیر خان،محمد شاہد چشتی آف گجرات ،سید عمر فاروق شاہ آف گوجرانوالہ،محمد شعیب نقشبندی آف جھنگ ،سائیں عباس نظامی آف پلندری و دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا ۔نقیب محفل کے فرائض سید منیر حسین شاہ نے سرانجام دیے۔سجادہ نشین دربار عالیہ پناگ شریف پیر سید حبیب حسین شاہ گیلانی ،سید مقبول حسین شاہ گیلانی،سید مہدی حسین شاہ گیلانی ،سید یاسین حسین شاہ گیلانی ،سید شبیر حسین شاہ گیلانی، سید مشتاق حسین شاہ گیلانی،سید امداد حسین شاہ گیلانی،سید جمیل حسین شاہ گیلانی سمیت جملہ صاحبزادگان دعا میں شامل ہوئے۔

عین دعا کے وقت بار ان رحمت برس پڑی اس دورانیہ میں زائرین نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے آستانہ عالیہ سے بھرپور عقیدت کا ثبوت دیا۔شدید بارش کے باوجود کہیں بدنظمی نہیں دیکھی گئی۔ بہترین انتظامات کے باعث حاضری و دعا اور لنگر غوثیہ کا سلسلہ بدستور جاری رہا ۔

متعلقہ عنوان :