الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات 2018ء کے انعقاد کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا اعلان کر دیا

پیر 7 مئی 2018 23:48

الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات 2018ء کے انعقاد کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات 2018ء کے انعقاد کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا اعلان کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز کے مطابق پورے پاکستان میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز ہونگے تاہم کچھ اضلاع اور فاٹا میں جوڈیشل افسران کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہاں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران انتظامیہ سے لئے گئے ہیں۔

اس طرح ریٹرننگ افسران کی اکثریت کا تعلق بھی ماتحت عدلیہ سے ہے۔ قانون کے مطابق اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی انتظامی افسران سے کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی پورے ملک میں کل تعداد 131 ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے ہر ضلع میں ایک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ہو گا جس میں سے ماسوائے فاٹا اور بلوچستان کے تین اضلاع شیرانی، کوہلو اور سکندر آباد کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز ہونگے۔

فاٹا کی سات ایجنسیوں میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ایجنسیوں کے پولیٹیکل ایجنٹس ہونگے جبکہ ایف آر پشاور، بنوں، کوہاٹ کا ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کمشنر بنوں ڈویژن ہو گا۔ خیبر پختونخوا میں 25 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران تعینات کئے گئے ہیں۔ ہر ضلع کا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈسٹرکٹ افسر ہو گا۔ خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 39 نشستوں کیلئے 39 ریٹرننگ افسران تعینات کئے گئے جو کہ ایڈیشنل سیشنز ججز/اور سینئر سول ججز ہیں۔

اس طرح خیبر پختونخوا میں صوبائی اسمبلی کی 99 نشستوں کیلئے 99 ریٹرننگ افسران تعینات ہو گئے ہیں جو کہ سول ججز ہونگے۔ پنجاب 36 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کی گئی ہے جو سب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز ہیں۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141 نشستوں کیلئے 141 ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کی گئی جو تمام ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز ہونگے جبکہ صوبائی اسمبلی کی 297 نشستوں کیلئے 297 ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کی گئی ہے جو کہ سینئر سول ججز/سول ججز ہیں۔

سندھ میں 27 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جو تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز ہیں۔ سندھ کی قومی اسمبلی کی 61 نشستوں کیلئے 61 ریٹرننگ افسران تعینات کئے گئے جو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز/سینئر سول ججز ہیں۔ سندھ کی صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں کیلئے 130 ریٹرننگ افسران تعینات ہیں جو سول ججز ہیں۔ بلوچستان میں 34 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی ہو گئی بلوچستان کی قومی اسمبلی کی 16 نشستوں پر 16 ریٹرننگ افسران تعینات کئے گئے ہیں جو سب ماتحت عدلیہ سے لگائے گئے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں کیلئے 51 ریٹرننگ افسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جس میں سے 4 انتظامیہ کے افسران کے علاوہ سب جوڈیشنری سے تعینات ہوئے۔

اسلام آباد میں ایک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کی تعیناتی ہو گئی جو کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہیں۔ اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی 3 نشستوں کیلئے 3 ریٹرننگ افسران تعینات ہوئے جو کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز ہے۔