Live Updates

نیب بہت سے معاملات میں اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے، نواز شریف

جمعرات 10 مئی 2018 14:13

نیب بہت سے معاملات میں اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے، نواز شریف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب)بہت سے معاملات میں اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے، چیئرمین نیب سے متعلق وزیراعظم کی پارلیمنٹ میں گفتگو خوش آئند ہے،پرویز مشرف نے اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے نیب کا قانون بنایا ، اب فیصلے کا وقت ہے کہ ملک میں جمہوری حکومتوں کے قانون چلیں گے یا آمروں کے، آمر کے بنائے ہوئے قوانین جتنی جلدی ختم کردیں ملک کے لیے بہتر ہوگا، عمران خان کی کسی بات پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا، وہ سیاستدان ہی کیا جس کی بات پر اعتبار نہ کیا جائے، اللہ نہ کرے ہماری قسمت عمران خان کی طرح ہو۔

جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ آمر کا بنایا ہوا قانون ختم ہونا چاہیے تھا، پرویز مشرف نے اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے نیب کا قانون بنایا تاہم اب فیصلے کا وقت ہے کہ ملک میں جمہوری حکومتوں کے قانون چلیں گے یا آمروں کے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیب بہت سے معاملات میں اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے اگر نیب کی طرف سے کوئی چیز سامنے آنی ہوتی تو پہلے 10 روز میں آجاتی، جب تک نیب کو ثبوت نہ مل جائے یہ ٹرائل آگے بڑھتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ آمر کے بنائے ہوئے قوانین جتنی جلدی ختم کردیں ملک کے لیے بہتر ہوگا، ترقیاتی کاموں اور فلاح و بہبود میں مصروف رہے جس کی وجہ سے اس طرف دھیان نہیں گیا۔نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ہا ئو س میںہنگامی پریس کانفرنس کی جائے گی جس میں منی لانڈرنگ کے حالیہ الزامات پر بات ہوگی۔سابق وزیراعظم نے کہا سوشل میڈیا پر چل رہا ہے کہ ٹائی ٹینک ڈوبنے کی وجہ سامنے آ گئی اور ٹائی ٹینک ڈوبنے پر نواز شریف کو نوٹس کا امکان ہے۔

گوجرانوالہ سے رانا نذیر کی تحریک انصاف میں شمولیت پر نواز شریف نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بھی سنا ہے کہ وہ تحریک انصاف میں جا رہے ہیں، ان کے بیٹے نے پارٹی صدارت کے لیے مجھے ووٹ نہیں دیا تھا۔نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی کسی بات پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا، وہ سیاستدان ہی کیا جس کی بات پر اعتبار نہ کیا جائے۔عمران خان کی بریت سے متعلق سوال پر نواز شریف نے کہا کہ اللہ نہ کرے ہماری قسمت عمران خان کی طرح ہو ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات