پولیس کے مشترکہ تربیتی مرکز کے دوسرے مرحلے کی تعمیر کا سنگ بنیاد

جمعرات 10 مئی 2018 18:00

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) امریکی سفارتخانہ کے شعبہ بین الاقوامی انسداد منشیات و امورنفاذ قانون (آئی این ایل) کے ڈائریکٹر گریگری شیفر نے خیبرپختونخوا پولیس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ڈاکٹرمحمد نعیم خان کے ساتھ ملکر ایک تقریب میں مشترکہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے دوسرے مرحلے جس کی مالیت تقریباً 80لاکھ ڈالر ہے، کی تعمیر کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں صوبائی پولیس کے دیگر سینئرا فسران نے بھی شرکت کی۔ مشترکہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے دوسرے مرحلے کی تعمیر کے ساتھ ہی پولیس کا یہ تربیتی مرکز اپنی موجودہ تربیتی گنجائش سے دگنی گنجائش کا حامل ہوجائے گا۔ سال 2011سے اب تک آئی این ایل نے اس تربیتی مرکز کے پہلے مرحلے کی تعمیر کے لئے ایک ارب روپیسے زائداور آلات وسامان کی مد میں 91 کروڑ60 لاکھ روپے کی اعانت فراہم کی ہے۔

(جاری ہے)

جون2014 میں اپنے آغاز کے بعد سے اب تک کے پی پولیس کے چار ہزار سے زائد اہلکاروں جن میں ایک سو سے زائد خواتین پولیس کمانڈوز بھی شامل ہیں، نے اس مشترکہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں تربیت حاصل کی ہے۔دوسرے مرحلے کی تعمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی این ایل کے ڈائریکٹر گریگری شیفر نے کہا کہ آج کی یہ تقریب آئی این ایل اور کے پی پولیس کے درمیان طویل شراکت میں ایک اور اہم پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مشترکہ پولیس ٹریننگ سینٹر نے ایک سرکردہ تربیتی مرکزکے طور پر اپنا مقام بنایا ہے، جو پولیسنگ کے جدید طریقوں پر اور تفتیش اور کمانڈ لیول کے کورسز کے تحت کے پی پولیس کے سیکٹروں افسران کو تربیت فراہم کررہا ہے۔ پولیس کی تربیت کے اس مرکز سے کے پی پولیس کو دہشت گردی سے متعلق معاملات سمیت ہنگامی صورتحال میں جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیت پر مرکوز خصوصی تربیتی صلاحیت کے حصول میں مدد فراہم ہوئی ہے۔

گریگری شیفر نے ا?ئی این ایل اور کے پی پولیس کے درمیان پندرہ برسوں پر محیط شراکت اور پولیس کی تربیت کے اس مرکز کے دوسرے مرحلے کی تعمیر کے لئے ا?ئی این ایل کے شراکتدار کے طور پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔امریکہ اور پاکستان شہریوں کی حفاظت اور پاکستان بھر میں نفاذ قانون کی صلاحیت کو وسعت دینے کے لئے تقریباً چالیس برسوں سے ملکر کام کررہے ہیں۔ امریکہ کا بیورو ا?ف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز (آئی این ایل) جرائم، بدعنوانی اور منشیات کی غیر قانونی تجارت کے انسداد، پولیس کے اداروں کو بہتر بنانے اور شفاف و جوابدہ عدالتی نظام کے فروغ میں مدد دینے کے لئے 90 سے زائد ملکوںمیں کام کررہا ہے۔