پنجاب کے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات 17مئی سے 10اگست تک ہونگی،

الیکشن کمیشن نے اساتذہ کے تقرروتبادلوں کی اجازت دیدی ،ٹیچرز کی ٹرانسفر کا عمل 31مئی تک مکمل کیا جائیگا، کسی بھی سکول کو تعطیلات کی اکٹھی فیس لینے اورسمر کیمپ کی اضافی فیس لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔صوبائی وزیر تعلیم رانامشہوداحمدخاں کی پریس کانفرنس

جمعرات 10 مئی 2018 22:27

پنجاب کے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات 17مئی سے 10اگست تک ہونگی،
لاہور۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) صوبائی وزیرسکول ایجوکیشن رانا مشہو د خاں نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات 17مئی سے 10اگست تک ہونگی،الیکشن کمیشن نے اساتذہ کے تقرروتبادلوں کی اجازت دیدی ہے اس لئے اساتذہ کی ٹرانسفر کا عمل 31مئی تک اپنے طے شدہ ضابطے کے مطابق مکمل کرلیا جائیگا، کسی بھی سکول کو تعطیلات کی اکٹھی فیس لینے کی بالکل اجازت نہیں ہو گی،تعطیلات کے دوران کسی بھی سکول میں سمر کیمپ کی اضافی فیس لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے گزشتہ روزیہاں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پچھلے دو سالوں سے صوبہ بھر میں یکم جون سے چھٹیوں کا آغاز کیا جا تا تھا تاہم رمضان المبارک کی آمد اور گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے ہمیں یہ فیصلہ کرنا پڑا کہ اس مرتبہ 17مئی جو کہ ممکنہ طور پر پہلے روز ے کی بھی تاریخ ہوگی اسلئے چھٹیوں کا آغاز اسی تاریخ سے کررہے ہیںتاکہ بچوں کے ساتھ والدین بھی رمضان المبارک کے بابرکت مہینے سے فیض یاب ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کی تاریخ میں ہی اسکا نوٹیفکیشن بھی جاری کررہے ہیں، مزید یہ کہ صوبہ بھر میں کوئی بھی سکول موسم گرما کی چھٹیوں کی اکٹھی فیس نہیں لے گا تاکہ والدین پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے اور اگر ایسی کوئی بشکایت موصول ہوئی تو خلاف ورزی کے مرتکب اداروں کو بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سمر کیمپ کے حوالے سے کوئی بھی سکول اضافی فیس لینے کا مجاز نہیں ہوگا اور اس کا بھی باقاعدہ نوٹیفیکیشن جا ری کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے میڈیا نمائندگان پر زور دیتے ہوئے کہاکہ آپ کے توسط سے یہ بات عوام تک مثبت طریقے سے پہنچانا چاہتے ہیں اور خادم پنجاب کے وژن کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ اسکولوں میں امتحانات کا سلسلہ جاری ہے ،اسلئے ان اداروں میں امتحانات ختم ہوتے ہی تعطیلات شروع ہو جائیں گی۔بعد ازاں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اساتذہ کی ٹرانسفر و پوسٹنگ پر لگی پابندی اٹھالی گئی ہے اور اب 31مئی تک ایجوکیٹرز کو ریلیف دینے کیلئے ٹرانسفرز وغیرہ کا عمل اپنے طے شدہ ضوابط کے مطابق مکمل کردیا جائیگا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انسانی حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے پنجاب حکومت تمام اہم امور پہلے سے ہی نصاب میں شامل کر چکی ہے اور کتابچے بھی جاری ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 2018کا سال شہباز شریف کاا لیکشن جیت کر وزیراعظم بننے کا سال ہے کیونکہ عوام جان چکی ہے کہ پاکستان کو اندھیروں سے روشن مستقبل کی طرف لیجانیوالا لیڈر صرف شہبا ز شریف ہی ہے۔