فریڈم پارٹی کے زیر اہتمام حریت رہنمائوں کے اجلاس میں شبیر شاہ سمیت نظربند کشمیریوںکی حالت زار پر اظہارتشویش

ہفتہ 12 مئی 2018 20:03

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے زیر اہتمام مختلف آزادی پسند تنظیموں کے سربراہوں اور نمائندوں نے سرینگر میں ایک اجلاس کے دوران سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ سمیت مختلف جیلوں میں نظربند کشمیریوںکی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اجلاس کی صدارت فریڈم پارٹی کے رہنما ایڈوکیٹ فیاض احمد سوداگر نے کی ۔

شرکاء نے کشمیری نظربندوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ شرکاء نے فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کی نظربندی کے مجموعی طورپر31سال مکمل ہونے پر اُنہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ شبیر شاہ کی پوری زندگی جہد مسلسل کی ایک طویل داستان ہے اور اُنہوں نے جس سفر کا آغاز اپنی نوجوانی میں کیا تھاوہ اس پر پورے عزم و حوصلے کے ساتھ قائم ہیںجبکہ اُن کے حوصلے توڑنے کیلئے اُنہیں جسمانی اور ذہنی اذیتیں دی گئیں یہاں تک کہ ان کے والدبزرگوار کو زیر حراست شہید کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری قتل و غارت اور نہتے عوام پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی گئی ۔ شرکاء نے بھارت پر زوردیا کہ وہ غیر حقیقت پسندانہ رویہ ترک کرکے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سازگار ماحول پیدا کرے اور اس کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔ حریت رہنمائوں مشتاق الاسلام، حکیم عبد الرشید، مولوی بشیراحمد، محمد یاسین عطائی، جاوید احمد میر، محمد یوسف نقاش،یاسمین راجہ،زمردہ حبیب، غلام محمد ناگو ،جاوید احمد ، محمد شفیع اورامتیاز احمدنے اجلاس میں شرکت کی ۔