قرآن پاک کی تعلیم سب سے اعلیٰ تعلیم ہے،دینی مدارس کے بعد سکولوں میں حفاظ کا تیار ہونا نیک شگون ہے،اسلام آباد حفظ سکول نے مظفرآباد میں بہت اعلیٰ کاوش کر کے قرآن کی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جس پر ادارہ کے ایم ڈی اورپرنسپل اوروالدین کومبارکباد پیش کرتا ہوں ‘وزیرتعلیم بیرسٹرافتخار گیلانی کا تقریب سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 18:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) وزیرتعلیم بیرسٹرافتخار گیلانی نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی تعلیم سب سے اعلیٰ تعلیم ہے،دینی مدارس کے بعد سکولوں میں حفاظ کا تیار ہونا نیک شگون ہے،اسلام آباد حفظ سکول نے مظفرآباد میں بہت اعلیٰ کاوش کر کے قرآن کی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جس پر ادارہ کے ایم ڈی اورپرنسپل اوروالدین کومبارکباد پیش کرتا ہوں ان خیالات کا اظہار بیرسٹرافتخار گیلانی نے گزشتہ روز اسلام آباد پبلک سکول کے زیر اہتمام اسلام آباد حفظ سکول سے فارغ التحصیل ہونے والے تین حفاظ کرام کی تقریب دستار فضیلت سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ اعظم رسول،ایم ڈی ادارہ وچیئرمین اسلام آباد حفظ سکول مشتاق احمد خان،پرنسپل محترمہ میمونہ مشتاق،پروفیسر سعید شاد،ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر خواجہ عبدالرحمن،مجسٹریٹ بلدیہ سید سجاد شاہ،مسلم کانفرنس سٹی کے صدر خواجہ مقصود شیخ ،حفظ سکول کے انچارج قاری جمیل احمد مغل،قاری سید ابن الحسن گیلانی،لیگی رہنما ارم قریشی ودیگر نے بھی خطاب کیا وزیرتعلیم نے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ والدین جو اپنے بچوں کو عصری کے ساتھ دینی تعلیم بھی دلوارہے ہیں،کیونکہ اصل تعلیم اوراثاثہ قرآن وسنت ہی ہے اس لیے والدین اپنے بچوں کی بہترین تربیت کیلئے دینی تعلیم پر خاص فوکس رکھیں اسلام آباد حفظ سکول نے جس سفر کاآغاز کیا ہے یہ بابرکت ہے اور اس میں انہیں ضرور کامیابی ملے گی ہم نے سکولوں میں میٹرک تک قرآن پاک کی تعلیم لازمی قراردی ہے،جسے بتدریج مزید بہتر بنائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ادارہ کے ایم ڈی مشتاق احمد نے کہا کہ اسلام آباد پبلک سکول اور دی گیٹ وے کالج کی مظفرآباد میں تین برانچز ہیں چالیس سال سے تعلیمی میدان میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں مگراسلام آباد حفظ سکول کا تجربہ نہایت کامیاب رہا اوراس پر اتنا دلی سکون اور اطمینان ہے کہ کہ چالیس سالہ تعلیمی دورانیے میں اتنا نہیں ملا کیوں کے قرآن مجید کی تعلیم کی وجہ سے برکتوں اوررحمتوں کا نزول ہو رہا ہے،آج حفاظ کا دوسرا بیج فارغ ہوا ہے انشاء اللہ آئندہ سال دس سے زائد بچے حفاظ بن جائیں گے۔

تقریب میں وزیرتعلیم نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ تین حفاظ حافظ راجہ صمید بن سجاد،حافظ احمد اعزاز اورحافظ سید حیدر علی نقوی کی دستاربندی کی اورانہیں اسناد اورانعامات کے علاوہ ان کے والدین کو خصوصی شیلڈز بھی پیش کیں۔جبکہ حفظ سکول کے طلباء وطالبات نے حفاظ کو بھی اپنی طرف سے تحائف دیئے۔

متعلقہ عنوان :