حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث ملک میں روزانہ 12 ارب کی کرپشن ہو رہی ہے ‘ دردانہ صدیقی

وسائل کے غلط استعمال نے ملک کو قرضوں میں جکڑدیا ہے ‘ عوام ترقی وخوشحالی کیلئے ایم ایم اے کو ووٹ دیں۔راشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب جماعت اسلامی خواتین کے تحت اشیاء خوردو نوش پر مشتمل 1000 سے زائد راشن پیکٹ مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے گئے

پیر 14 مئی 2018 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) مرکزی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا کہ حکمرانوں نے وسائل کا غلط استعمال کرکے ملک اور قوم کو بیرونی قرضوں میںجکڑدیا ہے، جس ملک میں روزانہ 12 ارب کی کرپشن ہو ، وہ ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے ، جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لے گی ، عوام ملک اور قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایم ایم اے کو ووٹ دیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی جانب سے الخدمت کے تعاون کے ساتھ ارکان آباد مسجد بن قاسم کورنگی ٹائون میں تقریب تقسیم راشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ناظمہ جماعت اسلامی صوبہ سندھ عطیہ نثار ، ناظمہ کراچی اسماء سفیر ، مرکزی نائب قیمہ پاکستان فرحانہ اورنگزیب ، چیئر پرسن الخدمت شہناز اقبال ، نائب صدر الخدمت نویدہ انیس ، الخدمت کی بانی و نائب قیمہ پاکستان ناصرہ الیاس اور دیگر نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

تقسیم راشن کی تقریب میں اشیاء خورد نوش پر مشتمل 1000 سے زائد راشن پیکٹ مستحق گھرانوں میں تقسیم کئے گئے ۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے دکھی انسانیت کی خدمت کا جو ذمہ اٹھایا ہے وہ قابل قدر ہی نہیں بلکہ قابل فخر بھی ہے ، اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو پسند کرتاہے جو اس کی مخلوق سے محبت و خیر خواہی کا رویہ رکھتے ہیں ، للہ تعالی نے انسان کو دنیا میں اپنا نائب بنا کر اس لیے بھیجا کہ وہ خدمت خلق کرتے ہوئے حقوق العباد اور انسانی خدمت کا فریضہ سر انجام دے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی خدمات قابل قدر ہیں ،الخدمت رنگ و نسل ، علاقے اور برادری کے تعصب سے بالا تر ہو کر ایک مسلمان اور پاکستانی کی حیثیت سے معاشرے میں خدمت خلق کا کام کر رہی ہے ، الخدمت ملک بھر میں مستحق اور ضرورت مند طبقات کی فلاح و بہود کیلئے ملک کے کونے کونے میں ہونے والے کار خیر میں پیش پیش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں روزانہ 12 ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے ، ملک میں اگر اربوں روپے کی کرپشن نہیں ہو تو عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتیں باآسانی مہیا ہوسکتی ہیں ، اسلامی فلاحی ریاست میں حکومت کا فرض ہوتا ہے کہ وہ ضرورت مندوں کو تمام سہولتیں مہیا کرے ۔ناصرہ الیاس نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے ہر موقع پر غریبوں کا خیال رکھا ہے ، الخدمت فاؤنڈیشن عوام کی خدمت کے لئے دن رات کوشاں ہے اور سماجی شعبوں میں شاندارخدمات انجام دے رہی ہے ، مخیر حضرات زکوة ، صدقات اور فطرانہ الخدمت کو دے کر کار خیر میںبڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس کا حصہ بن جائیں ۔

شہناز اقبال نے کہا کہ الخدمت تعلیم ، صحت سمیت دیگر بنیادی ضروریات کے لئے ہنگامی اور مستقل بنیادوں پر کام کر رہا ہے ، الخدمت نے مصیبت کی ہر گھڑی میں دکھی انسانیت کی بلا امتیاز خدمت کی ہے ، ان شاء اللہ مخیر حضرات کے تعاون سے یہ سلسلے اسی طرح جاری رہے گا ، مخیر حضرات کراچی کے پسماندہ خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے آگے آئیں اور الخدمت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔